MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

وزیراعظم نے ملک میں موجودہ لوڈ شیڈنگ کا الزام پی ٹی آئی پر دھر دیا

0 272

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اسلام آباد (مسائل نیوز) وزیراعظم نے ملک میں موجودہ لوڈ شیڈنگ کا الزام پی ٹی آئی پر دھر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت نے 5 سال کی بدترین لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا ، پی ٹی آئی حکومت نے نہ بروقت ایندھن خریدا اور نہ ہی پاور پلانٹس کی مرمت کی ، ناکارہ پلانٹس کے ذریعے مہنگی بجلی پیدا کرنے سے عوام کو ماہانہ 100 ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے ، ملک میں موجودہ لوڈ شیڈنگ پی ٹی آئی حکومت کی وجہ سے ہے جسے ہم ٹھیک کررہے ہیں۔

- Advertisement -

گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے لوڈ شیڈنگ میں کمی کیلئے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تیل وگیس کا بندوبست ہونے تک عبوری اقدامات کو بہتر بنایا جائے ، جب تک عوام کو لوڈ شیڈنگ سے نجات نہیں ملتی چین سے بیٹھوں گا نہ کسی کو بیٹھنے دوں گا ، نوازشریف دور میں ملک میں اضافی بجلی کی وافر مقدار فراہم کی تھی ، عمران حکومت نے ایک یونٹ بھی سسٹم میں شامل نہیں کیا ، بروقت ایندھن خریدا گیا نہ کارخانوں کی مرمت کی گئی ، عمران حکومت نے سستی بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ بند کئے ، سابق حکومت نے مہنگی اور کم بجلی بنانے والے کارخانے استعمال کئے۔

انہوں نے کہا کہ 6ارب میں ایل این جی کا جو ایک جہاز مل رہا تھا وہ 20 ارب میں پڑ رہا ہے ، عمران حکومت کا یہ ظلم قوم کو اس سال 500 ارب سے زائد میں پڑے گا ، توانائی کے شعبے کی تباہی کرکے معیشت دیوالیہ کرنے کی سازش کی گئی جب کہ نوازشریف دور میں ملک میں وافر مقدار میں بجلی فراہم کی تھی۔ ادھر دنیا نیوز کی ایک رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ لاہور، راولپنڈی ، فیصل آباد ، ملتان ، کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ، شہری علاقوں میں 6 گھنٹے اور دیہات میں 10 گھنٹے تک بجلی بند رہنا معمول بن چکا ہے ، جس کی وجہ سے روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ بجلی کی پیداوار میں کمی کے باعث شارٹ فال مزید بڑھ گیا ، گرمی کی شدت بڑھتے ہی لیسکو کی بجلی کی طلب 4400 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی جب کہ لیسکو کو 3650 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے ، اسی طرح فیصل آباد اور راولپنڈی میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Leave A Reply

Your email address will not be published.