لاہور(مسائل نیوز) خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے کے کچھ اضلاع میں آج عید الفطر مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔جیو نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا کی کے مختلف علاقوں کی مساجد اور عیدگاہوں میں عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی، اس موقع پر ملک کی سالمیت اور بقاء کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور خطبات میں مسجد نبوی ﷺ میں پیش آئے واقعہ کی مذمت بھی کی گئی۔
وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان اور صوبائی کابینہ کے اراکین نے گورنر ہاؤس میں نماز عید ادا کی۔جنوبی وزیرستان کے تمام علاقوں میں بھی عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی جبکہ بنوں، نوشہرہ، صوابی، ٹانک اور مردان سمیت صوبے کے تمام شہروں میں عید منائی جا رہی ہے تاہم ہزارہ ڈویژن میں عید الفطر کل بروز منگل منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
- Advertisement -
دوسری جانب قائم مقام گورنر خیبر پختونخوا مشتاق غنی نے صوبائی حکومت کے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے آج عید نہ منانے کا اعلان کیا ہے۔
مشتاق غنی نے عید الفطر سے متعلق ویڈیو بیان میں کہا کہ ہزارہ میں کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی عید الفطر 3 مئی کو ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ البتہ پشاور میں عید کا اعلان ہوا ہے ، علماء کے اس فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔بلوچستان میں بھی چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ میں آج عید الفطر منائی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ ژوب، موسیٰ خیل، دکی، کوہلو، بارکھان میں بھی نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔ادھر پاکستان میں بوہری برادری بھی آج عیدالفطر منا رہی ہے۔کراچی کے علاقے صدر میں بوہری جماعت خانے میں نماز عید ادا کی گئی، جس کے بعد بوہری برادری نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔