اسلام آباد(مسائل نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے، پاکستان امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے، وزیراعظم نے اسلاموفوبیا اور مسئلہ کشمیر کو بھی اجاگر کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف سے امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے ملاقات کی، ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔
وزیرعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اور امریکی عوام کے درمیان تعلقات مزید گہرے ہوں گے، پاکستانی پارلیمنٹ اور امریکی کانگریس کے درمیان تبادلہ خیال کو تقویت ملے گی، پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
- Advertisement -
وزیرعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی احترام، اعتماد اور دوطرفہ تعاون کو مضبوط کرنا چاہتا ہے، امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک پرامن اور مستحکم جنوبی ایشیا ہی اپنی ترقی پر بھرپور توجہ دے سکتا ہے۔ وزیرعظم شہبازشریف نے کہا کہ اسلاموفوبیا جیسی برائی سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، پاک امریکا تعمیری روابط سے خطے میں امن اور ترقی کو فروغ ملےگا۔ وزیراعظم نے پاک امریکا تعلقات میں اوورسیزپاکستانیوں کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیرعظم شہبازشریف نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کواجاگر کیا اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔