حلقہ این اے 31 پشاور میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ممبر صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور کو نوٹس جاری
اسلام آباد (مسائل نیوز) الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات قومی و صوبائی اسمبلی 16 اکتوبر 2022 کے دور ان حلقہ این اے 31 پشاور میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ممبر صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور کو نوٹس جاری کر دیا ۔ ترجمان کے مطابق ممبر صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور کو سیکریسی آف بیلٹ کی خلاف ورزی پر سیکشن 234 الیکشن ایکٹ کے تحت نوٹس جاری کیا گیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ثمر بلور نے پولنگ سٹیشن کے اندر ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے وڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھی۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق یہ سیکریسی آف بیلٹ سیکشن 178 کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ثمر بلور کو (آج)پیر کی صبح 11 بجے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر پشاور کے دفتر اپنی وضاحت دینے کے لئے طلب کیا گیا۔
ترجمان نے کہاکہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے کمیشن پر جانبداری کا بے بنیاد الزام جمہوری عمل کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی کے ووٹ حلقوں سے تبدیل کرنے کا الزام مضحکہ خیز ہے، ووٹر لسٹ سے کیسے پتا چل سکتا ہے کہ کون کسے ووٹ ڈالے گا یہ الزام سراسر بے بنیاد اور غلط ہے۔ ترجمان کمیشن کے مطابق ووٹر لسٹیں شفاف اور غلطیوں سے پاک پراسس کے تحت مرتب کی جاتی ہیں جس کے ہر مرحلے پر عوام کو مطلع کیا جاتا ہے۔ ترجمان کے مطابق الیکشن 2018 کی ووٹر لسٹوں پر ہو رہے ہیں اس لیے ووٹر لسٹ پر اعتراض سراسر کم علمی اور غلط بیانی ہے۔