عمران خان نے سابق آرمی چیف کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا
اسلام آباد (مسائل نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے صدرِ مملکت اور افواجِ پاکستان کے سپریم کمانڈر ڈاکٹر عارف علوی کو خط لکھا ہے جس میں سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے خلاف فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔عمران خان کی جانب سے ارسال کیے گئے خط میں قمر جاوید باجوہ کی جانب سے حلف کی خلاف ورزیوں کی تفصیلات بھی ارسال کی گئیں۔
خط میں کہا گیا کہ گذشتہ چند روز کے دوران عوامی سطح پر ہوش ربا انکشافات ہوئے۔معلومات سے واضح ہے کہ قمر جاوید باجوہ حلف کی صریح خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔قمر جاوید باجوہ نے صحافی جاوید چوہدری کے روبرو مجھ سے متعلق اعتراف کیا۔قمر جاوید باجوہ نے کہا ہم عمران خان کو ملک کے لیے خطرہ سمجھتے تھے۔
تحقیق کی جائے قمر جاوید باجوہ کی جانب سے استعمال ’ہم‘ سے کیا مراد ہے۔
- Advertisement -
قمر جاوید باجوہ نے یہ بھی اعتراف کیا کہ اگر عمران خان اقتدار میں رہے تو ملک کو نقصان ہوگا۔ قمر جاوید باجوہ کو کس نے اختیار دیا کہ وہ وزیراعظم کے اقتدار سے متعلق فیصلہ کریں۔یہ فیصلہ صرف عوام کا ہے کہ وہ کس کو وزیراعظم منتخب کرنا چاہتے ہیں۔ قمر جاوید باجوہ کا اس ضمن میں خود کو فیصلہ ساز بنانا آئین اور حلف کی خلاف ورزی کی ہے۔ قمر جاوید باجوہ نے اپنی گفتگو میں نیب کو کنٹرول کرنے کا بھی دعویٰ کیا۔
قمر جاوید باجوہ کا یہ دعوی بھی حلف کی خلاف ورزی ہے۔ قمر جاوید باجوہ نے کہا وزیراعظم عمران خان کے ساتھ گفتگو کی ریکارڈنگز موجود ہیں۔صحافی آفتاب اقبال نے تفصیلات وی لاگ کے ذریعے قوم کے سامنے رکھیں۔سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب عارف علوی سے بطور افواجِ پاکستان کے سپریم کمانڈر سابق آرمی چیف کے خلاف فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔
[…] نیوز) سابق وزیراعظم عمران خان نے حفاظتی ضمانت کے لئے لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہونے کا […]