سکھرمیں تیزاب گردی کا شکار 8 سالہ بچی دم توڑ گئی، ماں سخت زخمی
سکھر (مسائل نیوز) سکھرمیں تیزاب گردی کا شکار 8 سالہ بچی دم توڑ گئی، ماں سخت زخمی۔بچی کی ماں گمس اسپتال گمبٹ میں زیرعلاج ہے، متاثرہ خاتون کے شوہر اور سسر کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے،ترجمان پولیس ۔تفصیلات کے مطابق سکھر میں تیزاب گردی سے متاثرہ آٹھ سالہ بچی اسپتال میں دم توڑ گئی جبکہ سخت زخمی ماں زیر علاج ہے۔
سکھر میں گذشتہ روز سفاک باپ نے بیٹی اور بیوی پر تیزاب پھینک دیا تھا، تیزاب کے باعث جھلسنے والی آٹھ سالہ بچی اسپتال میں دم توڑ گئی۔ترجمان پولیس کے مطابق بچی کی ماں گمس اسپتال گمبٹ میں زیرعلاج ہے، متاثرہ خاتون کے شوہر اور سسر کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے گھر کا خرچہ مانگنے پر گزشتہ روز بیوی اور بیٹی پر تیزاب پھینک دیا تھا۔
یاد رہے گذشتہ روز ہی سرگودھا میں رشتے سے انکار پر نوجوان نے گھر میں داخل ہوکرلڑکی کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا تھا بعد ازاں پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔ دوسری جانب کراچی میں ڈیفنس میں 6 سالہ بچی کے ساتھ اسکے گھریلو ملازم کی مبینہ زیادتی کا واقعہ، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ڈیفنس فیز 7 میں 6 سالہ بچی کے ساتھ اس کے گھریلو ملازم کی زیادتی کا واقعہ پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت بچی اور گھریلو ملازم گھر پر موجود تھے جبکہ بچی کے والدین گھر سے باہر کسی کام سے گئے تھے، گھریلو ملازم بچی کے والدین کی غیر موجودگی میں بچی سے زیادتی کر کے فرار ہوگیا۔پولیس کے مطابق متاثرہ بچی کو میڈیکل چیک اپ کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ والدین گھر پہنچے تو بچی کی حالت دیکھ کر واقعے کی رپورٹ کیلئے فوری طور پر تھانے پہنچے، واقعے کی اطلاع پا کر درخشاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے زیادتی میں ملوث ملزم کاشف کو گرفتار کر لیا۔