وزیراعلیٰ خیبر پختو نخوا کاوفاق کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان
پشاور (مسائل نیوز) وزیراعلٰی خیبر پختو نخوا محمود خان نے فنڈز نہ دینے پر وفاق کیخلاف اگلے ہفتے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا۔انہوں نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کو آخری وارننگ دیتا ہوں کہ ہمارے پیسے دے،وفاق پیسے نہیں دے گا تو پولیس کو اسلحہ کیسے فراہم کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حیات آباد کرکٹ اسٹیڈیم کے افتتاح کے موقع پر محمود خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت ہمارے فنڈز فراہم نہیں کر رہی اور این ایف سی کے تحت صوبوں کو رقم بھی نہیں دے جا رہی۔
دو،تین مسخرے ٹی وی پر بیٹھ کر باتیں کرتے ہیں،وفاقی حکومت نے ہمارے پیسے نہ دئیے تو چھین کر رہیں گے،ان کیخلاف آخری حد تک جائیں گے اور ہم پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا بھی دیں گے۔
وزیراعلٰی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے ہر ڈویژن میں اسپورٹس کمپلیکس موجود ہیں،تسلیم کرتے ہیں کہ ہمارے پاس فنڈز نہیں،امپورٹڈ حکومت ہمارا حق نہیں دے رہی۔وفاقی حکومت سے منت نہیں کر رہا ہوں،ہمارے فنڈز ہیں آئین کے مطابق ہمارے بنتے ہیں۔
- Advertisement -
فنڈز نہیں دیتے اور پھر پوچھتے ہیں سیکیورٹی کے حالات بہتر کیوں نہیں ہیں،ہم تھانے کیسے بنائیں؟پولیس کا سامان کہاں سے خریدیں اس پر وفاق کیوں نہیں سوچتا؟ محمود خان نے مزید کہا کہ حکمرانوں کے خلاف سپریم کورٹ جارہا ہوں،جو بھی ہوسکا صوبائی حکومت کرے گی۔پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کا فیصلہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کریں گے،خیبر پختونخوا سے متعلق جب بھی عمران خان حکم دیں گے اسمبلی تحلیل کر دیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے وزیر اعلٰی خیبر پختو نخوا محمود خان نے کہا کہ جب سے یہ حکومت آئی ہے ہمیں مالی مسائل کا سامنا ہے،وفاق کے ذمہ خیبر پختو نخوا کے بقایا جات ہیں،انہوں نے وفاقی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے واجبات ادا کئے جائیں،ورنہ قومی اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے۔ صوبائی معاملات پر مشاورت ہوتی رہتی ہے،فنڈزکے حوالے سے ون پوائنٹ ایجنڈا ہے،خیبرپختونخوا نے تاریخ میں ایک اعشاریہ 3 ٹریلین بجٹ دیا۔