عدلیہ ماضی میں نظریہءضرورت کے تحت فیصلے نہ کرتی، تو ملک کے حالات مختلف ہوتے‘سراج الحق
لاہور(ویب ڈیسک)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حقوق کراچی کے لیے جاری دھرنا کی حمایت کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو مشورہ دیا کہ وہ کراچی کی صورت حال کو سنبھالنے کے لیے وزیراعلی سندھ کو ہدایت کریں کہ وہ جماعت اسلامی کراچی کے ساتھ مذاکرات کرے۔ منصورہ سے جاری ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ کراچی اور سندھ یک جان دو قالب ہیں۔
- Advertisement -
کراچی سندھی، بلوچ، پختون، کشمیریوں اور پنجابیوں کا مشترکہ شہر اورمنی پاکستان ہے۔ پورٹ سٹی کو ترقی دیے بغیر سندھ ترقی کر سکتا ہے اور نہ پاکستان۔ حکومت سندھ ضد چھوڑے اور تحمل و بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمہوری ہونے کا ثبوت دے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت سندھ اور پیپلزپارٹی مذاکرات کا راستہ اختیار کرے اور محض اکثریتی جماعت ہونے کے ناطے کراچی کے تین کروڑ شہریوں کو ناراض نہ کرے۔ انھوں نے کہا کہ اگر سندھ حکومت نے بھی وفاقی حکومت جیسی روش اختیار کی اور اپوزیشن کو برداشت نہ کیا تو عوام پیپلزپارٹی کو بھی جمہوریت مخالف سمجھے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے حکومت سندھ کی جانب سے متعارف کرائے گئے حالیہ صوبائی بلدیاتی ایکٹ پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فی الفور اپوزیشن کا موقف سنے اور اس بل کو واپس لے۔اسی اثنا میں سراج الحق نے کراچی دھرنے کی صورت حال اور اس پر حکومت سندھ کی جانب سے بیان بازی پر غور کرنے کے لیے مرکزی عہدیداران کا اجلا س بدھ کو اسلام آباد میں طلب کرلیا ہے۔