بہنیں مائوں کا دوسرا روپ ہوتی ہیں
تحریر: بینش احمد اٹک
سالگرہ کے دن چند الفاظ میری پیاری بہن کے نام۔۔۔
- Advertisement -
اس پوری دُنیا میں تم وہ واحد احساس ہو جسے محسوس کیے بنا مجھے لگتا ہے میں زندہ نہیں رہ سکتی۔۔۔
میری آنکھوں کے لیے تم وہ صورت بن گئی ہو جو زرا دیر کیلیے بھی اوجھل ہو جاۓ تو میری نگاہ دھندلا جاتی ہے
آج میں یہ اقرار کرتی ہوں اگر تمہارے قدم میرے ہمسفر نہ ہوتے تو میں کبھی چلنا نہ سیکھ پاتی۔۔۔
میرے ہاتھوں کے لیے تمہاری انگلیاں نہ ہوتی تو میں کب کی راستہ بھٹک چکی ہوتی۔۔۔
مجھے ڈھونڈنے کے لیے تمہاری آنکھیں نہ ہوتی تو میں اب تک کھو چکی ہوتی۔۔۔
تمہارا ہونا میرے لیے ڈھارس ہے۔۔۔
میں اظہار کے معاملے میں بہت کمزور ہوں کوئی مجھے کس قدر عزیز ہے میں بیان نہیں کر پاتی ہوں، جن سے زیادہ محبت ہو جاتی ہے ان سے بس لڑتی رہتی ہوں— لیکن آج کے خاص دن کچھ باتیں ہو جائیں پھر—
یوں تو بہنیں ہر کسی کو عزیز ہوتی ہیں لیکن میرا معاملہ کچھ اس طرح سے بھی الگ ہے کہ میں کبھی بتا نہیں پاتی ہوں اور بات کچھ کی بجائے کچھ ہو جاتی ہے اور پھر بہنوں والی ٹھاہ ٹھاہ والی لڑائی پہ ہی اختتام ہوتا ہے میری بہن مشرق ہے اور میں مغرب ہوں—
میں اور میری بہن دونوں ہی غصے کی تیز ہیں ، لیکن اُس کے معاملے میں، میں نے ہمیشہ صبر اور برداشت سے کام لیا ہے۔ میری بہن کا غصہ ایسا ہے کہ فون پہ بات کر رہی ہو تو غصے سےٹھک بند کر دیتی ہے لیکن غصہ ختم ہوتے ہی پھر بات چیت شروع ہو جاتی ہے۔ شاید واحد بہناپے کا رشتہ ہی ایسا ہوتا ہے کہ انسان جتنا مرضی غصہ دکھا لے لیکن الگ نہیں ہو سکتا ہے زیادہ دیر تک ناراضگی برقرار نہیں رکھ سکتا ہے۔
مزے کی بات یہ کہ کوئی مجھے کچھ بھی کہہ جائے کوئی پروا نہیں ہوتی ہے لیکن کوئی میری بہن کو کچھ کہے میں منہ نہ توڑ دوں ذرا اس کا۔۔۔
حقیقتا آج میرے اندر کچھ خوبیاں ہیں تو اس کی وجہ میری بہن ہے- کیونکہ مجھے بچپن سے اس سے پھینٹا لگتا آیا ہے۔ آہممم آہممم بچپن کی بات بچپن پہ ہی ختم کیجئے جناب۔۔۔ اور ہاں آج بھی مجھے اچھے اچھے لیکچر دیتی رہتی ہے جس کی بنا پہ میں نے اسے ہٹلر کا خطاب دے رکھا ہے۔۔۔
گھر کی مرغی دال برابر کے مصداق میری بہن بھی ہر دفعہ میرا کوئی نیا ہی مزاحیہ قسم کا نام رکھ دیتی ہے اور پھر میرے چہرے کے تاثرات اور تیوری پہ پڑنے والے بل دیکھنے لائق ہوتے ہیں۔۔۔
حالانکہ دل ہی دل میں میں مجھے بھی ہنسی آ رہی ہوتی ہے لیکن پھر شغل تو شغل ہے نا۔۔۔
یہی زندگی کا حسن ہے خدا اس حسن کو سدا سلامت رکھے۔۔۔ اور میری اماں کی سعادت بیٹی (اررے اررے میں نہیں) میری بڑی بہن کو ہمیشہ خوش و خرم رکھے آمین ثم آمین۔۔۔
بہنیں ماؤں کا دوسرا روپ ہوتی ہیں۔۔۔
میری بہن کا اگر بس چلے تو وہ دنیا کے سب سے اچھے مقام پہ پہنچا کر ہی دم لے۔۔۔۔ مجھ جیسی دھکا اسٹارٹ اور سست عوام کی ہٹلر جیسی بہن کا ہونا بہت بڑی غنیمت ہے لوگ کہتے ہیں۔۔۔
میں عام ہوں لیکن میری بہن بہت خاص ہے۔۔۔۔ وہ اتنی خالص ہے کہ ہمارے لئے اپنی خوشی بھی قربان کر سکتی ہے۔۔۔۔
دنیا میں شاید ایسے الفاظ نہ ملیں جس سے میں اس کی خوبیاں بیان کر سکوں۔۔۔۔
بس میری اتنی سی دعا ہے میری بہن جہاں رہے خوش رہے اور اللہ اسے حسد کی نگاہ سے بچائے رکھے آمین