تخریب کاری کیخلاف فوج کے ہر اقدام کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، ثمینہ ممتاز زہری
کوئٹہ (مسائل نیوز) بلو چستان عوامی پارٹی کی مرکزی نائب صدر سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے جنرل سید عاصم منیر کو آرمی چیف تعینات ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اپنے تہنیتی پیغام میں جنرل سید عاصم منیرکو فوج کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُن کی کامیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ ایک بہادر اور پیشہ ور سپہ سالار ہیں اور ان کی زندگی وطن کے لئے خدمات اور کارناموں سے سجی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر فوج میں ایک بڑے دلیر اور اصول پسند آفیسر کے طور پر جانے جاتے ہیں اور ان کی بطور آرمی چیف تعیناتی پاکستان کے لئے نہایت خوش آئند بات ہے۔ جنرل عاصم منیر جنگی محاذ پر ایک وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور ایک قابل اور پروفیشنل جنرل ہیں اور ہر قسم کے اندرونی و بیرونی جنگی حالات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کی تعیناتی پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت میں مددگار ثابت ہو گی۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ دنیا کی بہترین اور بہادر فوج کے سپہ سالار کا منصب سنبھالنابڑا اعزاز ہے۔ آرمی کو آپ جیسا پیشہ ورانہ قابلیت اور صلاحیتوں کے حامل سربراہ ملنا وطن کے لئے نیک شگون ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو پورا یقین ہے کہ آپ کی قیادت میں آرمی کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور دفاع وطن کی قوت میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مادر وطن کے تحفظ و سلامتی اور تخریب کاری جیسے عفریت کے خاتمے سمیت سیکورٹی فورسز نے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے اوردعا ہے کہ آئندہ بھی آپ کی ولولہ انگیز قیادت میں ان فتنوں اور سیکورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں اللہ تعالیٰ مدد و رہنمائی فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع، سلامتی اور تحفظ کے لئے پوری قوم کا تعاون آپ کے ساتھ ہے۔بلوچستان کے عوام نئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو یقین دلاتے ہیں کہ تخریب کاری کے خلاف فوج کے ہر اقدام کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور اس سلسلے میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
- Advertisement -