ایف بی آر نے شیخ رشید کو 21 اکتوبر کو طلب کر لیا
اسلام آباد(مسائل نیوز) شیخ رشید کو ایف بی آر کا بھی بلاوا آ گیا،سابق وزیر داخلہ کو طلبی کا نوٹس بھجوا دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو ایف بی آر نے طلب کر لیا۔ شیخ رشید کو 21 اکتوبر کو طلب کیا گیا ہے۔ ایف بی آر نے سربراہ عوامی مسلم لیگ کو طلبی کا نوٹس بھجوا دیا جس میں کہا گیا ہے کہ شیخ رشید ذاتی حیثیت میں یا وکیل کے ذریعے پیش ہوں۔
شیخ رشید کو اکاؤنٹس سے متعلق دستاویزات ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایف بی آر نوٹس کے مطابق سابق وزیر داخلہ سے یکم جولائی 2022 سے 30 جون 2022 تک کا ٹیکس ریکارڈ مانگا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز متروکہ وقف املاک بورڈ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کو لال حویلی خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا۔
متروکہ وقف املاک بورڈ نے شیخ رشید اور انکے بھائی کی جائیداد سے بے دخلی کا نوٹس جاری کیا ۔
- Advertisement -
ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک بورڈ نے کہا کہ 7 روز کے اندر زیر قبضہ اراضی یونٹس خالی کریں ورنہ آپ کو بذریعہ پولیس بے دخل کر دیا جائے گا،جائیداد میں لال حویلی کی جگہ بھی شامل ہے۔ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک آصف خان نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو بھی پولیس کی معاونت کیلئے خط بھی لکھا۔متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے 19 اکتوبر کو آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کے مطابق لال حویلی سمیت متروکہ وقف کی 7 اراضی یونٹس کی متعدد سماعتیں ہو چکی ہیں،شیخ رشید اور انکے بھائی کوئی مستند دستاویزات پیش نہیں کر سکے۔ جبکہ آج شیخ رشید نے لال حویلی خالی کرنے کا حکم چیلنج کیا۔ شیخ رشید کی جانب سے عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ لال حویلی سابق وزیر داخلہ کی ملکیت ہے اس کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی کی گئی۔ مقدمے کی تاریخ 24 اکتوبرمقرر ہے اس کے باوجود غیر قانونی نوٹس بھیجا گیا۔ایڈیشنل سیشن جج خورشیدعالم نے شیخ رشید کی درخواست پر ڈائریکٹرمتروکہ وقف املاک کونوٹس جاری کیا۔
[…] نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں ہونے والی میٹنگ پاکستان […]