لاہور (مسائل نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ ایک سیاسی جماعت نے پورے ملک کو پریشان کر کے رکھا ہے۔ہم روشنیوں کے شہر کو مجرموں کا شہر نہیں بننے دیں گے،میں سمجھتا ہوں کہ اختیارات نہ ہونے کا رونا بھی بند ہونا چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس پریشانیوں کا سال تھا،امید ہے نیا سال ہماے لیے خوشیاں،امن اور سکون لائے گا۔
جب مقصد عوامی خدمت کا ہو تو فرد واحد کی سازش اہمیت نہیں رکھتی،ہمیں کراچی کی خدمت کرنی ہے،مسائل بہت زیادہ ہیں اور انکا حل بھی موجود ہے۔مجھ سے لوگوں نے کہا کہ آپ کے پاس اخیتارات ہیں تو میں نے جواب دیا کہ بہت زیادہ ہیں،میں سمجھتا ہوں کہ اختیارات نہ ہونے کا رونا بھی اب بند ہونا چاہیے۔
افہام و تفہیم اورمحبت سے معاملے کو حل کرنے کا قائل ہوں،گزشتہ روز میری لاہور میں کچھ ملاقاتیں ہوئیں۔
- Advertisement -
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ اب سب پاکستان کی خدمت کریں گے،وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں پہلا مطالبہ لاپتہ افراد سے متعلق ہوتا ہے،کراچی کے کئی مسائل ہیں،شہر ٹوٹ رہا ہے اور تعلیمی نظام ختم ہو گیا ہے۔حلقہ بندیوں کے معاملے پر پیپلزپارٹی کو فیصلہ کرنا پڑے گا،اگر حلقہ بندیوں کا معاملہ حل نہیں ہوا تو کراچی کے شہریوں کا حق مارا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ریاست کا نمائندہ ہوں،بطور ریاستی نمائندہ میری ہمدردی ریاست کے ساتھ ہے،حلقہ بندیوں کے معاملے پر بلاول بھٹو اور آصف زرداری سے بھی بات کی ہے،فیصلے شہریوں کے مفاد میں کیے جائیں تو کسی کی انفرادی رائے کی اہمیت نہیں ہوتی۔ قبل ازیں کامران ٹیسوری نے کہا کہ ٹیکنوکریٹ ہو یا سیاسی حکومت،الزام کے بجائے کام ہونا چاہیے،عوام کو ریلیف دیا جائے کیونکہ آج بھی لوگ بجلی اور گیس سمیت دیگر سہولیات سے محروم ہیں۔تمام لوگوں کے درمیان اتفاق پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہوں،جلد ایم کیو ایم ایک ہوجائے گی اور سب مل کر کراچی اور سندھ کی ترقی کیلئے کام کریں گے،حکومتیں پہلے بھی بنتی رہتی ہیں مگر عوام کیلئے کام ہونا چاہیے۔