تمام افسران و ملازمین انسانی خدمت کے جذبے سے اپنے فرائض سر انجام دیں،چیف سیکرٹری بلوچستان
کوئٹہ(مسائل نیوز) چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی سے منگل کے روز بلوچستان سول سیکرٹریٹ آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے وفد نے صدر عبدالمالک کاکڑ کی قیادت میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی عبدالرحمن بزدار بھی موجود تھے۔ وفد نے چیف سیکرٹری بلوچستان کو ایسوسی ایشن کی جانب سے سرکاری ملازمین کی حقوق کے لئے اٹھائے گئے اقدامات اور ان کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے لئے درخواست کی۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ بلوچستان کے سرکاری افسران اور دیگر ملازمین میں اہلیت، قابلیت اور ایمانداری کی کوئی کمی نہیں جو انتہائی خوش آئند ہے جوکسی بھی صوبے کی ترقی کے لئے ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ تمام افسران و ملازمین انسانی خدمت کے جذبے سے اپنے فرائض سر انجام دے کیونکہ ہمارا مقصد عوام کے لئے آسانی پیدا کرنا اور ان کے مسائل کو فوری حل کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے آپ کو عوام کا خادم سمجھ کر اصولی بنیادوں پر صوبے اور عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنانے اور اپنی رویوں میں مستقل بنیادوں پر تبدیلی لانا ہے جو ایک مسلسل جدو جہد ہی سے ممکن ہے جس سے سرکاری افسران ودیگر ماتحت ملازمین کی وقار میں مذید اضافہ ہوگا اورلوگ ان سے اور زیادہ محبت کرنے لگیں گے، انہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور بہتری کے لئے ہم سب کو ایک جذبے سے کام کرنا ہوگا جس سے عوام کے مسائل اور مشکلات میں زیادہ سے زیادہ کمی آ سکے، چیف سیکرٹری نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت ملازمین کی استعداد کار بڑھانے اور انہیں ٹریننگ کی فراہمی کے مواقع اور دیگر مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گی، وفد نے چیف سیکرٹری کا شکریہ ادا کیا اور صوبے کی ترقی کے لئے انہیں ایسوسی ایشن کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دھانی کرائی۔