لاہور کے لیے 300 ہائبرڈ بسیں خریدنے کی منظوری
لاہور (مسائل نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے لاہور کے لیے پہلے مرحلے میں 300 ہائبرڈ بسیں خریدنے کی منظوری دے دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ نے نئی بسوں میں خواتین، سپیشل اور نابینا افراد کے لئے سیٹیں مخصوص کرنے کا حکم دیا ہے، انہوں نے کہا کہ اسپیشل اورنابینا افراد کیلئے بس کے دروازے کے قریب سیٹیں مختص کی جائیں گی، اس کے علاوہ عوام کی سہولت کیلئے لاہور میں 200 نئے بس سٹاپ بنائے جائیں گے، خواتین خصوصاً طالبات کی تعلیمی ادار وں کے اوقات کار کو مدنظر رکھ کر نئے روٹس کا بھی تعین کیا جائے۔
چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ لاہور میں مجموعی طورپر 513 ہائبرڈ بسیں چلائی جائیں گی، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نئی ہائبرڈ بسیں پرائیویٹ آپریٹرز کے ذریعے چلائے گی، پہلے مرحلے میں 300 ہائبرڈ بسیں خریدنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ سرکاری محکموں کیلئے نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ آفس سمیت سرکاری محکموں کے اخراجات میں 50 فیصد کمی کا بھی فیصلہ کیا ہے، اس ضمن میں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اس دوران وزیراعلیٰ نے صوبے میں کفایت شعاری پالیسی پر عملدر آمد کیلئے ہدایات جاری کیں، جس کے تحت وزیراعلیٰ آفس سمیت تمام سرکاری محکموں کے نان ڈویلپمنٹ اخراجات میں 50 فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا۔
- Advertisement -
بتایا گیا ہے کہ چوہدری پرویزالہٰی نے پنجاب بھر میں سرکاری اراضی کامکمل ریکارڈ بھی طلب کرلیا اور ہدایت کی کہ سرکاری اراضی کی تفصیلات 7روز کے اندر وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائیں، سرکاری اراضی کو شفاف طریقے سے نیلام کرنے کیلئے جامع پالیسی تیار کی جائے گی۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے کے وسائل میں اضافے کیلئے مقرر کردہ ٹارگٹ پورا کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ متعلقہ محکمے ریونیو بڑھانے کیلئے منفرد انداز سے نئے اقدامات متعارف کرائیں، متعلقہ محکمے ریونیو کے ٹارگٹس کے حصول کیلئے دن رات ایک کردیں، صوبے کے وسائل میں اضافے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔