ہاکی ہیرو کا جسد خاکی دینے میں تاخیر، پرویز الہیٰ نے نوٹس لے لیا
لاہور (مسائل نیوز) ہاکی ہیرو کا جسد خاکی دینے میں تاخیر، پرویز الہیٰ نے نوٹس لے لیا۔ وزیراعلیٰ نے منظور جونیئرکا جسد خاکی اسپتال کی جانب سے تاخیر سے دینے پر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے قومی ہیرو منظور جونیئر کے جسد خاکی کے معاملے پر جیو نیوز کی خبر پر نوٹس لے لیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے منظور جونیئرکا جسد خاکی اسپتال کی جانب سے تاخیر سے دینے پر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پرویز الہیٰ نے سیکرٹری ہیلتھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ہدایت کی ہے کہ جامع انکوائری کرکے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ وزیراعلیٰ پرویز الہیٰ نے کہا کہ قومی ہیرو کے جسد خاکی کےساتھ ایسے سلوک کا کسی بھی طرح جواز نہیں بنتا۔
خیال رہے کہ جیو نیوز نے خبر نشر کی تھی کہ لاہور کے نجی اسپتال نے اولمپیئن منظور جونیئرکی میت 2 گھنٹے بل کی وصولی تک روکے رکھی اور 4 لاکھ وصول کرنے کے بعد لواحقین کو میت لے جانے کی اجازت دی گئی۔ ہاکی لیجنڈ اولمپیئن منظور حسین جونیئر دل کے دورے کے باعث لاہور کے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔