وزیراعظم شہباز شریف نے آڈیو لیکس کے معاملے پر وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا
اسلام آباد(مسائل نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے آڈیو لیکس کے معاملے پر وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس کل طلب کر لیا۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آڈیو لیکس کا معاملہ زیر غور آئے گا۔اجلاس میں نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔گذشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس وزیراعظم ہاﺅس میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا جس میں وفاقی وزرا کے علاوہ سروسز چیفس، حساس اداروں کے سربراہان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ قومی سلامتی کے اجلاس میں ملک میں تاریخی تباہ کن سیلاب، متاثرین کے لیے ریسکیو اور امداد کے اقدامات اور سلامتی کی صورت حال کا جائزہ لیاگیا.قومی سلامتی کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اجلاس میں حالیہ دنوں سامنے آنے والی آڈیو لیکس کے معاملے پر غور کیا گیا اس دوران حساس اداروں کے سربراہان نے اجلاس میں وزیر اعظم ہاﺅس سمیت دیگر اہم مقامات کی سکیورٹی، سائبر اسپیس اور اس سے متعلقہ دیگر پہلوﺅں پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ اجلاس میں بتایا گیا کہ سوشل میڈیا پر زیرگردش آڈیوز کے معاملے پر تحقیقات کی جا رہی ہیں اجلاس میں آڈیو لیکس کے معاملے پر تحقیقات کے لیے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی گئی اور اس کے سربراہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ ہوں گے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی اور سائبر اسپیس کے موجودہ تبدیل شدہ ماحول کے تناظر اور تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سکیورٹی، سیفٹی اور سرکاری گفتگو یقینی طور پر محفوظ بنانے کے لیے جائزہ لینے پر زور دیا گیا تاکہ سیکیورٹی نظام میں کوئی رخنہ اندازی نہ ڈال سکے.کے. واضح رہے کہ اس وقت ملک میں سب اہم زیر بحث موضوع ”آڈیو لیکس“ کا چل رہا ہے جیسا کہ چند روز قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان ہونے والی گفتگو کی آڈیو لیک ہوئی تھی، جس پر پاکستان تحریک انصاف نے سیاسی ردعمل دیا تھا.بعدازاں سابق وزیراعظم عمران خان کی بھی آڈیو لیک ہوئی جس میں وہ مبینہ امریکی سائفر پر گفتگو کر رہے ہیں۔
[…] آباد (مسائل نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اداروں کے خلاف عمران خان کی مہم کی شدید الفاظ […]