احتجاج کے پیش نظر پنجاب میں رابطہ سڑکیں اور راستے بند.. باراتیوں نے دلہے کو کاندھوں پر اُٹھا لیا
سادھوکی(مسائل نیوز) کالعدم تنظیم کے احتجاج کے باعث سڑکیں بند ہوئیں تو شہریوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ ایسے میں ایک بارات بھی اسی احتجاج کا شکار ہو گئی لیکن دلہے نے ہمت نہ ہاری اور باراتیوں کی مدد سے انوکھا راستہ اپنا کر اپنی دلہن کو لینے پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا ذرائع نے بتایا کہ دریائے جہلم کا پُل بند ہونے کی وجہ سے باراتیوں کی گاڑی آ گے نہیں جاسکی، دلہا نے باراتیوں کے ہمراہ سڑک پر نکلا تو شاہراہوں پر کھڑے کنٹینرز نے اُس کا استقبال کیا۔
کنٹینرز دیکھ کر باراتیوں نے گاڑیاں وہی کھڑی کر کے پیدل جانے کا فیصلہ کیا گیا۔ نہ صرف باراتیوں نے دلہن کے گھر کی مسافت پیدل چل کر عبور کی اور دلہے میاں کو کاندھوں پر اٹھا کر دلہن کے گھر پہنچایا گیا۔
- Advertisement -
واضح رہے کہ حکومت نے کالعدم تنظیم کے احتجاجی مظاہرین کو روکنے کے لیے رینجرز تعینات کرنے اور پشاور جی ٹی روڈ بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
قبل ازیں پاکستان نے احتجاج کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاستی رٹ چیلنج کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ گذشتہ روز وزارت داخلہ نے پنجاب میں رینجرز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جبکہ پنجاب حکومت نے صوبے کے 8 اضلاع میں رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں رینجرز کو 2 ماہ کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔
جن 8 اضلاع میں رینجرز اہلکار اپنے فرائض سر انجام دیں گے ان میں لاہور، راولپنڈی، جہلم، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، چکوال، گجرات، فیصل آباد شامل ہیں۔ خیال رہے کہ گذشتہ کچھ دنوں سے کالعدم تنظیم نے احتجاج کی آڑ میں راستے بند کررکھے ہیں، کالعدم تنظیم کی جانب سے راستے بند کرنے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔