چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کیلیے چمچہ چھوٹا لفظ
لاہور(مسائل نیوز) اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کا کہنا ہے کہ چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کیلیے چمچہ چھوٹا لفظ ہے۔ ہم نیوز کے مطابق چوہدری پرویز الہی کا کہنا ہے کہ پانچ سال بعد شریفوں کو حکومت ملی توان کا اب اصل رنگ باہر نکل آیا ہے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کا کہنا ہے کہ اللہ نے شریفوں کا اصل چہرہ دکھا دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس اسمبلی نے شریفوں کو پہچان اور مقام دیا، لیکن شریف خاندان پولیس سے کام لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اللہ نے شریفوں کا اصل چہرہ دکھایا ہے، پوری قوم بھی یہ چہرہ دیکھ لے۔ پرویز الہی نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی اجلاس کےحوالے سے جو بھی کرنا ہے میں نے کرنا ہے کیونکہ میں اسپیکر ہوں۔
- Advertisement -
کچھ دیر قبل اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے صوبائی اسمبلی کا آج ہونے والا اجلاس ایک بار پھر ملتوی کردیا ہے۔
اسپیکر آفس کی جانب سے اجلاس 16 مئی تک ملتوی کیے جانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر نے فوری طور پر اجلاس ملتوی کیے جانے کی وجہ نہیں بتائی ہے تاہم کہا جارہا ہےکہ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے یہ اجلاس امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ملتوی کیا ہے۔ ذرائع کاکہنا ہےکہ آج پنجاب اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس متوقع تھا جس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے بھی اپنی تیاری پوری کر رکھی تھی۔
خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی میں آج ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونی تھی، صوبائی اسمبلی کے اجلاس سے پہلے اہم پیشرفت ہوئی ہے اور پولیس نے سیکریٹری کوآرڈینیشن پنجاب اسمبلی عنایت اللّٰہ لک کو گورنر ہاؤس کے باہر سے اس وقت حراست میں لے لیا جب وہ عدالت جا رہے تھے ، پولیس نے انہیں لاہور کے تھانہ گڑھی شاہو منتقل کر دیا ، انہیں کس مقدمے میں حراست میں لیا گیا اس حوالے سے کچھ بھی معلوم نہیں ہوسکا۔