آپ پی ٹی آئی کو جتنا دبائیں گے یہ اتنی ابھر کے سامنے آئے گی
لاہور(مسائل نیوز) ترجمان وزیر اعلی پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پرویز الٰہی نے گجرات کو دسواں ڈویژن بنانے کا اعلان کیاہے جو کہ گجرات کی عوام پر بہت بڑا احسان ہے،اس سے گجرات کی ہفتہ وار انتظامی معاملات میں بہتری آئے گی،پنجاب گورنمنٹ نے تمام ڈویژن آفیسرز کو ستر سے زائد ایمبولینسز دی ہیں، فیروز پور روڈ لاہور پر مبارک سنٹر پر کام دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے اس ضمن میں دھابی گروپ اربوں روپے کی سرمایہ کاری کریگا، مبارک سنٹر لاہور کی بلند ترین عمارت ہوگا اس سنٹر میں سیون سٹار ہوٹل ہوگا جسے فلائی اوور کے ذریعے قذافی اسٹیڈیم کیساتھ منسلک کیا جائے گا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ یہ اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہوگا جسے جلد از جلد مکمل کیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کے مختلف علاقوں میں مسائل کو حل کرنے کیلئے ڈیزاسٹر مینجمنٹ وزارتی کمیٹی بنائی گئی ہے۔ اس کمیٹی میں سارے محکموں کے سیکرٹریز اور چھ وزرا شامل ہیں۔ یہ کمیٹی مکمل اختیارات کی حامل ہو گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سمیت سترہ اراکین پر لاہور راولپنڈی اسلام آباد میں مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
- Advertisement -
ان تمام مقدمات کا صرف ایک ہی مقصد عمران خان اور پی ٹی آئی کو دبانا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ جتنا دبا سکتے ہیں دبا لیں، ہم دبنے والے نہیں ہیں۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ جتنے پاپولر لیڈر عمران خان ہیں انکو ہرانا تو نہ ممکن ہے اس لئے امپورٹڈ حکومت چاہتی ہے کہ عمران خان کو دبایا جائے اور سیاست کے میدان سے باہر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اکیلے عمران خان نے بارہ پارٹیوں کو سترہ جولائی کو پنجاب اور کراچی میں ضمنی الیکشن میں شکست دی۔
کراچی الیکشن میں ایک طرف پی ٹی آئی اکیلی تھی تو دوسری طرف بارہ جماعتیں تھیں ۔دنیا نے دیکھ لیا کہ جہاں کراچی میں پیپلزپارٹی کی حکومت رہی، جہاں ایم کیو ایم اور جے یو آئی بے تاج بادشاہ رہیں وہاں عمران خان نے کلین سوائپ کیا۔ انکا کہنا تھا کہ میں رانا ثنااللہ اور عطااللہ تارڑ سے کہتا ہوں جتنا مرضی دبا لو اور دھونس دھاندلی کا ماحول پیدا کر لو عمران خان کی آواز کو نہیں دبا سکتے۔
امپورٹڈ حکومت نے ٹی وی چینلز اور اینکرز کو گرفتار کروا دیا ہے۔آپ کس کس پر پرچہ کٹوا گے ۔ تم جتنا ظلم کرو گے اتنا ہی یہ شخصیات ابھریں گی۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے اقتدار کی بھنگ اتنی پی ہوئی ہے کہ یہ اخلاقیات بھول چکی ہے۔شہباز شریف اور رانا ثنااللہ غرور اور تکبر کے نشے میں اس قدر مسرور ہیں کہ انہیں کچھ نظر نہیں آ رہا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ تم سوچتے ہو کہ ہم پرچوں سے جھک جائیں گے مگر ایسا نہیں ہو سکتا۔
عمران خان نے عوامی تحریک کا آغاز کر دیا ہے۔ وہ اب پورے پاکستان میں جائیں گے تم انہیں پکڑ سکتے ہو تو پکڑ لو۔ اب ہری پور میں جلسہ ہوگا جتنے پرچے فیاض الحسن چوہان اور عمران خان کے خلاف کاٹنے ہیں کاٹ لو۔ہم اس تحریک کو جاری رکھیں گے اور ہم جھکنے والے نہیں ہیں ۔ہماری امپورٹڈ حکومت کے خلاف سیاسی جنگ ہے۔انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کے دور حکومت میں مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے ، بجلی اور گیس کے بلوں نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔
پیٹرولیم مصنوعات اور ڈالر پھر اوپر جا رہا ہے۔ ان کی ساری توجہ عمران خان کو ظلم سے دبانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ مکس اچار پارٹیوں نے پاکستان کی سیاست معیشت و عوام کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ہم اپنی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک صاف شفاف الیکشن نہیں ہو جاتے۔ہمیں مارشلائی دور کی طرف لے جایا جارہاہے۔اس آمرانہ دور میں لوگ ایوب خان، یحیی خان، ضیا الحق اور پرویز مشرف کا مارشل لا بھول گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دفعہ ایک سو چوالیس کی خلاف ورزی پر ہمارے اوپر مقدمات درج کر لئے گئے۔جب ہماری حکومت تھی تب کبھی بلاول زرداری تیس ہزار بندہ لاڑکانہ سے اسلام آباد لے جاتا کبھی مولانا فضل الرحمان بندے اکٹھے کر لاتا تھا مگر ہم نے کبھی کسی کے خلاف پرچہ نہیں کاٹا۔ آپ چاہے سینکڑوں پرچے کاٹ لو پی ٹی آئی کا عہدیدار یا ووٹر حکومت کے ڈر اور خوف میں نہیں آئے گا۔
ترجمان وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ عمران خان کے ساتھ ایف آئی آر میں ہمارا نام آیا ہے۔ ہم سینہ تان کر تمام ایف آئی آر کا سامنا کریں گے۔ پی ٹی آئی کے تمام ایم پی ایز کے پی کے اور پنجاب میں اخلاق و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے بیانیے کو سامنے رکھ کر جدوجہد کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں کھچڑی بن رہی ہیں لیکن کھچڑی بنانے والوں کا ہوش عمران خان کی مقبولیت نے اڑایا ہوا ہے۔
حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے۔ انکی بوکھلاہٹ کا یہ عالم ہے کہ ہر چلنے ،اٹھنے اور بیٹھنے والے پر ایف آئی آر پر ایف آئی آر کاٹ رہے ہیں۔ چیری بلاسم اور اس کے حواری سیاست کے میدان میں تو عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتے مگر سب مل کر عمران خان کو نااہل کروانا چاہتے ہیں۔ بارہ سیاسی چوہے عمران خان کا شکار کرنے گھر سے نکلے ہیں لیکن ان کے بس میں کچھ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پر توہین عدالت ثابت نہیں ہوئی جب کیس چلے گا تو پتہ چل جائے گا۔انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کیلئے عمران خان شہرت عزت وقار کا جن ہے۔اللہ پاک کے فضل و کرم سے عمران خان یا پی ٹی آئی جہاں کھڑی ہوگی عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ اس نے اپنا مقدر پی ٹی آئی کیلئے لکھ دیا ہے۔