اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ن لیگ سیاسی جماعت نہیں، ایک مافیا کی طرح آپریٹ کررہی ہے، جب کہ اپوزیشن جماعتیں ڈیل کی خبریں پھیلا کر اپنے لیے سیاسی ماحول بنا رہی ہیں،احتساب اور کرپشن کے خلاف بیانیہ پر ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پیر کو حکومتی و پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر ترجمانوں کو بریفنگ دی گئی۔
- Advertisement -
ذرائع کے مطابق اجلاس میں تین ایشوز پر بات کی گئی، وزیراعظم نے معاشی اعشاریوں کی بہتری سے متعلق بار بار بات کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں ڈیل کی خبریں پھیلا کر اپنے لیے سیاسی ماحول بنا رہی ہیں، مجرموں سے ڈیل کا مفاہمت قوم سے غداری کے مترادف ہے، رانا شمیم کے بیان حلفی پر بھی بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ن لیگ سیاسی جماعت نہیں،
ایک مافیا کی طرح آپریٹ کررہی ہے، انہوں نے ہر شعبے میں رانا شمیم جیسے لوگوں کو استعمال کیا ہے۔ وزیراعظم نے ترجمانوں سے کہا کہ مافیا ہمیشہ بلیک میلنگ کا سہارا لیتا ہے، عوام کو مسلم لیگ (ن) کی ماضی کی تاریخ بھی بتائیں ،کرپشن کے خلاف بیانیہ پر فرنٹ فٹ پر کھیلیں، احتساب اور کرپشن کے خلاف بیانیہ پر ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے، کرپشن کے خلاف بیانیہ کے ساتھ ساتھ حکومت کے اچھے کام اجاگر کریں۔