کراچی میں ڈینٹل کلینک پر حملے کی تحقیقات میں پیشرفت
کراچی (مسائل نیوز) کراچی کے علاقے صدر میں ڈینٹل کلینک پر حملے کی تحقیقات میں پیشرفت ہوئی ہے،سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے سندھ کے مختلف شہروں میں چھاپے مارے۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ حملہ آور وقار خشک کے قریبی ساتھی کو بھی گرفتار کر لیا گیا،ملزم کلینک پر حملہ کرنے کے بعد وقار خشک کو لیکر موٹر سائیکل پر فرار ہوا تھا۔
زیر حراست ملزم کی نشاندہی پر مزید چار افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا،زیر حراست افراد سے واردات میں سہولت کاری کی تحقیقات جاری ہیں۔ ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے مزید رپورٹ کیا ہے گیا کہ ان افراد کو ملزم وقار کی نشاندہی اور تکنیکی تحقیقات پر حراست میں لیا گیا۔ملزموں سے کالعدم تنظیم سے رابطوں کی تفتیش جاری ہے۔
زیر حراست ملزموں کے موبائل فونز کی فرانزک جانچ کی جا رہی ہے جبکہ ملزم سے برآمد پستول کو بھی فرانزک کیلئے بھجوا دیا گیا۔
- Advertisement -
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے بتایا کہ کراچی میں کلینک پر حملہ کرنے والے دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا۔کراچی کے صدر کے علاقے میں واقع کلینک میں فائرنگ ہوئی،کراچی پولیس اور خفیہ اداروں کی کوششوں سے ملزم گرفتار کیا گیا۔دہشت گرد کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے متعلقہ ادارے سرگرم ہیں۔کلینک پر فائرنگ سے چینی باشندہ ہلاک اور 2 افراد زخمی ہوئے تھے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے لوگوں کی نقل و حرکت کا جائزہ لیا گیا،100 سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا۔گرفتار دہشت گرد سے واردات میں استعمال ہونے والا موٹرسائیکل بھی برآمد کیا گیا۔ وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد ساتھیوں سے رابطے میں تھا۔ دہشت گرد وں کا مقصد پاکستان میں ترقی کو روکنا اور امن کو نقصان پہنچانا ہے۔سی ٹی ڈی،حساس ادارے اور پولیس کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔چند روز قبل پولیس مقابلے میں کالعدم تنظیم کے دہشت گرد مارے گئے،کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف سندھ پولیس ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھی۔