کوئٹہ میں 17 سالہ اسکول ٹیچر کے قاتلوں کی گرفتاری، سول سوسائٹی کا وکلاء تنظیموں سے اہم اپیل
کوئٹہ (مسائل نیوز)کوئٹہ کے علاقے منوجان روڈ پر رونماء ہونیوالے17 سالہ اسکول ٹیچر کے اندوہناک قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری پر سول سوسائٹی نے سیریس کرائمز انویسٹیگیشن ونگ اور کوئٹہ پولیس کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ سول سوسائٹی کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف کی سمت اہم قدم اٹھایا ہے سول سوسائٹی نے بلوچستان بار ایسوسی ایشن اور کوئٹہ بار سے وابستہ وکلاء سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے مقدمات میں ملزمان کی وکالت سے گریز کریں، جو بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے سفاک جرائم کی قانونی معاونت نہ دینا معاشرتی اصلاح کی جانب ایک مثبت قدم ہوگا سول سوسائٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی شخص ایسے سنگین جرم کا ارتکاب نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ٹیچر کا قتل صرف ایک شخص کی جان نہیں بلکہ تعلیم، امن اور انسانیت پر حملہ تھا، جس پر پوری قوم سوگوار ہے واضح رہے کہ کوئٹہ میں حال ہی میں پیش آنے والے اس واقعے نے شہریوں کو غم و غصے میں مبتلا کر دیا تھا، اور عوامی دباؤ کے باعث پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا۔