MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

عمران خان کو نااہل قرار دیا جا چکا

0 309

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

لاہور(مسائل نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کو نااہل قرار دیا جا چکا ہے ، پی ٹی آئی احتجاج کر کے اپنے ہی لیڈر عمران خان کے نظریئے کی مخالفت کر رہی ہے، عمران خان کے خلاف فیصلہ اتفاق رائے سے آیا ہے، خلاف فیصلہ آنے پر پی ٹی آئی عدالتوں کا راستہ اختیار کرے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی سابق وزیراعظم کوبدعنوانی پر نااہل کیا گیا ہے، قانون کی حکمرانی کا درس دینے والے لیڈر کا چہرہ سب کے سامنے آ چکا ہے، نوازشریف کے خلاف جب فیصلہ آیا تو انہوں نے آئین و قانون کے تحت جنگ لڑی ، نوازشریف نے اپنے خلاف فیصلہ آنے پر احتجاجی راستہ اختیار نہیں کیا، عمران خان نے قانون کی حکمرانی کا ماسک لگایا ہوا تھا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے نئے پاکستان کا نعرہ لگا کر عوام کو دھوکہ دیا، عمران خان نے پاکستان میں آئین کی ریڈ لائن کو کراس کیا، توشہ خانہ کیس میں عمران خان نے ملک کے وقار کو بھی مٹی میں ملا دیا،پاکستان کے آئین و قانون پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، مقبولیت کے باوجود عمران خان پاکستان کے آئین و قانون سے بڑے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی نااہلی سپریم کورٹ کے حکم پر ایک خط نہ لکھنے کی وجہ سے ہوئی، سپریم کورٹ کے فیصلہ پر عملدرآمد نہ کر کے عمران خان نے توہین عدالت کی ریڈ لائن کو بھی عبور کیا، عمران خان سچے ہیں تو فنانشل ٹائمز کے خلاف مقدمہ کیوں دائر نہیں کرتے۔ احسن اقبال نے کہا کہ آج پی ٹی آئی خیبر پختونخواہ اور پنجاب کی اسمبلیاں توڑنے کی دھمکیاں دے رہی ہے ، اگر پی ٹی آئی اسمبلیاں توڑنے میں سنجیدہ ہے تو آگے بڑھے، جب محمد نوازشریف کے خلاف فیصلہ آیا تو مسلم لیگ (ن) نے سڑکوں کو بند نہیں کیا، ملک کے اندر دہشت گردی نہیں کی، محمد نوازشریف نے خود کو عدالتی فیصلوں کے سامنے سرنڈر کیا، وزارت عظمیٰ کا منصب چھوڑا اور آئین و قانون کی جنگ کا راستہ اختیار کیا۔
محمد نوازشریف نے اپنے خلاف فیصلہ آنے پر کوئی جلائوو گھیرائو کی سیاست نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر قانون نے انہیں کرپشن اور غلط پریکٹس پر قصور وار پایا ہے تو اس کا فیصلہ سڑکوں پر اور ٹائر جلا کر نہیں اور تشدد کا راستہ اختیار کر کے نہیں بلکہ اس کا فیصلہ عدالتوں و قانونی جنگ کے ذریعے ہونا چاہئے ، عمران خان جو تشدد کا راستہ اختیار کر رہے ہیں اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وہ قصور وار ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان دھونس ، طاقت سے اپنے حق میں فیصلہ لینا چاہتے ہیں، اگر وہ جلائو ، گھیرائو سے اپنے حق میں فیصلہ لینا چاہتے ہیں تو قانون کا درس دینے والے لیڈر کا چہرہ سب کے سامنے عیاں ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قانون کی حکمرانی کا ماسک لگا رکھا تھا، عمران خان کے خلاف فیصلہ اتفاق رائے سے آیا ہے ، الیکشن کمیشن نے اتفاق رائے سے عمران خان کو کرپٹ پریکٹس کا قصور وار قرار دیا ہے جس میں کسی قسم کا کوئی ابہام نہیں تھا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی نااہلی سپریم کورٹ کے حکم پر ایک خط نہ لکھنے کی وجہ سے ہوئی ، محمد نوازشریف کے خلاف جب پانامہ کا کیس کھلا تو جے آئی ٹی بنی لیکن اس کیس میں کسی قسم کی کرپشن کے شواہد نہیں ملے، انہیں پانامہ میں نااہل نہیں کیا گیا بلکہ اپنے بیٹے سے 10 ہزار درہم تنخواہ وصول نہ کرنے کے جرم میں نااہل کیا گیا۔احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کی نااہلی اس وقت ہی ہو جانی چاہئے تھی جب سات ماہ تک پنجاب کے بلدیاتی اداروں کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہونے دیا گیا اور سپریم کورٹ کی حکم عدولی کی گئی۔
عمران خان کی نااہلی سپریم کورٹ کا حکم نہ ماننے کے جرم میں نہیں ہوئی بلکہ ان کی نااہلی غلط پریکٹس کے جرم میں ہوئی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے سرکاری تحائف میں غبن کیا، عمران خان نے نئے پاکستان کا نعرہ لگا کر عوام کو دھوکہ دیا اور پاکستان کے عوام کی خیرات کے ساتھ شوکت خانم کا نام استعمال کر کے پیسے بٹورے اور اپنی سیاست چمکائی ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین کی بالادستی میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا،عمران خان نے غیر آئینی طور پر تحریک عدم اعتماد رد کرائی اور غیر آئینی طور پر پاکستان کی اسمبلی کو توڑا جس کی تصدیق سپریم کورٹ کے پانچ رکنی ججز نے کی، عمران خان نے ڈسکہ میں دھاندلی کر کے الیکشن چرانے کی سازش کی،انہوں نے غیر قانونی طریقے سے اپنی پارٹی کیلئے فنڈنگ حاصل کی،عمران خان نے خیرات کے پیسے اپنی سیاست چمکانے کیلئے استعمال کئے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ سچے ہیں تو فنانشل ٹائمز کے خلاف مقدمہ کیوں دائر نہیں کرتے ، عمران کو معلوم ہے کہ اگر انہوںنے لندن میں مقدمہ درج کروایا تو اس کا فیصلہ بھی ان کے خلاف آئے گا،عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں ملک کے وقار کو بھی مٹی میں ملا دیا ہے،عمران خان نے برادر ممالک کی طرف سے ملنے والے تحائف میں بھی خوردبرد کیا اور انہیں بازار میں بیچ کر قوم کی عزت و وقار کا سودا کیا۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ عمران خان اپنی پارٹی کیلئے بڑے ہوں گے لیکن پاکستان ، عدالتوں ، پارلیمنٹ اور پاکستان کے قانون و آئین سے بڑے نہیں ،عمران لوگوں کی پگڑیاں اچھالتے ہیں تاکہ لوگوں کو ہراساں کر کے اپنے مطلب کے فیصلے لئے جا سکیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آ ئی دھمکیاں دے رہی ہے کہ ہم پنجاب اور خیبر پختونخواہ کی اسمبلیاں توڑ دیں گے، اگر پی ٹی آ ئی جلدی الیکشن کروا نے میں سنجیدہ ہے تو آ گے بڑھے اور پنجاب اور خیبر پختونخواہ اسمبلیاں توڑنے کی ایڈوائس گورنرز کو بھیجیں، ہم اسے ویلکم کریں گے اور اس سے عمران خان کی سنجیدگی کا بھی پتہ لگ جائے گا کہ وہ الیکشن کروانے میں کتنے سنجیدہ ہیں،عمران کی دھمکیوں سے پاکستان کا آ ئین تبدیل نہیں کیا جا سکتا، اگر عمران خا ن نے قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش کی توپاکستان کا قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Leave A Reply

Your email address will not be published.