خواجہ آصف نے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان رابطوں کی خبروں کی تردید کر دی
سیالکوٹ (مسائل نیوز) خواجہ آصف نے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات اور بیک ڈور رابطوں کی خبروں کی تردید کر دی،وزیر دفاع نے کہا ہے کہ انکے ساتھ کسی قسم کا رابطہ نہیں،قطعاََ طور پر مذاکرا ت نہیں ہو رہے ہیں،مارچ اپریل میں الیکشن کیلئے بیک ڈور رابطے پروپیگنڈا ہے۔قانون اور آئین کے مطابق انتخابات ہوں گے،4 ماہ قبل وزیر اعظم نے ایک کمیٹی بنائی تھی جس کی ذمہ داری مجھے سونپی گئی۔
خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ قانون اور آئین کے مطابق اگلے ماہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی ہو گی۔پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا گیا ہے،اب پاکستان کو عالمی سطح پر نارمل ملک کی طرح ٹریٹ کیا جائے گا۔ انکا کہنا تھا کہ کوئی حکومتی نمائندہ توشہ خانہ سے تحفہ نہیں لے سکتا،حکومت چاہے تو اسے نیلام کرے یا کسی ادارے کو دے۔
6 اور 7 ماہ سے وزیر اعظم کو جو تحفے ملے وہ محفوظ ہیں۔عمران خان کی خواہش تھی کہ اپوزیشن کو ٹارگٹ کریں۔عمران خان کا بھانڈا پھوٹ چکا ہے۔پنجاب اسمبلی کا سلسلہ زیادہ دیر چلنے والا نہیں،چوہدری پرویز الٰہی کا عمران خان کے ساتھ کھڑے ہونا انکے وارے میں نہیں ہو گا،یہ پرویز الٰہی کا خیال کریں وہ کسی اور جگہ نہ چلے جایئں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ جو سامنے حالات آ رہے ہیں ان میں جھوٹ کی گنجائش نہیں ہو گی۔
انکی کوشش تھی فیٹف قانون بھی اپوزیشن کو ٹارگٹ کرنے کیلئے استعمال کریں۔پورے ملک سے کل 30 سے 32 ہزار لوگ احتجاج کیلئے باہر نکلے تھے۔حقیقی آزادی اور امپورٹڈ حکومت کی جھوٹی اسٹوری کا بھانڈا پھوٹ چکا ہے۔آئندہ دنوں میں انکی پارٹی میں جوڑ توڑ شروع ہو جائے گی اور کل کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی میں توڑ پھوڑ شروع ہو چکی ہے،وطن،آئین اور ادارے ریڈ لائن ہیں۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے بھی حکومت سے مذاکرات کی تردید کی۔اسد عمر نے کہا کہ کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے،ہو سکتا ہے کہ کوئی انفرادی طور پر مل رہا ہو۔حکومت الیکشن پر بات کرے تو ہم بھی بات کرنے کیلئے تیار ہیں۔معاشی بحران سیاسی بحران کی وجہ سے ہے،سیاسی بحران کا واحد الیکشن ہیں۔