کراچی (ویب ڈیسک)صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کینسر کی روک تھام کے بارے میں عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر منظم مہم چلانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کینسر کے علاج سے آسان اور کم خرچ ہے ، پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کئی دہائیوں سے جوہری توانائی، زراعت اور بائیو ٹیکنالوجی کے شعبوں میں جوہری ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے قابل ستائش قومی خدمات انجام دے رہا ہے،
- Advertisement -
کرن اسپتال میں نئی شامل کردہ سہولیات کا افتتاح کرتے ہوئے مجھے خوشی ہوئی ہے اور امید ہے کہ اس سے کراچی اور ملحقہ علاقوں کے کینسر کے مریضوں کو یقینا بڑا ریلیف ملے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کینسر کے عالمی دن کی مناسبت سے یہاں کرن ہسپتال میں کینسر کے مرض کے بارے میں آگاہی کو فروغ دینے کے لیے دو روزہ سمپوزیم کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے اٹامک انرجی کینسر ہسپتال(اے ای سی ایچ)کراچی میں کینسر کی تشخیص اور علاج کی نئی تنصیبات کا بھی افتتاح کیا، یہ سہولت پی اے ای سی کے کراچی انسٹی ٹیوٹ آف ریڈیو تھراپی اینڈ نیوکلیئر میڈیسن (کرن)سے منسلک ہے۔اس موقع پر خاتون اول بیگم ثمینہ علوی بھی موجود تھیں۔ سمپوزیم میں ملک بھر سے کینسر کے 200 سے زائد ماہرین سر، گردن اور چھاتی کے کینسر پر اپنے تحقیقی مقالے پیش کریں گے۔