ملک کا تجارتی خسارہ 16 ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا
لاہور(مسائل نیوز) ملک کا تجارتی خسارہ 16 ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا، حکومت کی جانب سے زرمبادلہ کے استعمال میں کمی کی کوششیں کامیاب ہونے لگیں، کرنٹ اکاونٹ خسارے میں بھی مسلسل تیسرے ماہ کمی ریکارڈ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال ستمبر کے مہینے میں گزشتہ 16 ماہ کے دوران سب سے کم تجارتی خسارہ ریکارڈ کیا گیا ۔
اسٹیٹ بینک نے نے گزشتہ ماہ ستمبر کے دوران کرنٹ اکائونٹ خسارے کے اعدادوشمار جاری کئے ہیں جس کے مطابق کرنٹ اکائونٹ کا خسارہ مسلسل تیسرے ماہ ستمبر میں بھی برقرار رہا۔گزشتہ ماہ کرنٹ اکائونٹ کا خسارہ 31کروڑ ڈالر کی سطح پر آگیا جو اس سے پچھلے ماہ اگست میں 67 کروڑ 60 لاکھ ڈالرتھا۔ اعداد وشمار کے مطابق اگست کے مقابلے میں ستمبر کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ 53 فیصد کم ہوا ہے جبکہ سالانہ لحاظ سے دیکھا جائے تو پچھلے سال ستمبر کے مقابلے میں رواں سال ستمبر کے خسارے میں 37 فیصد کمی آئی ہے۔
ٹاپ لائن سیکورٹیز کے مطابق 16ماہ بعد ستمبر کا کرنٹ خسارہ سب سے کم ریکارڈ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ ملک میں حالیہ تباہ کن بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں سالانہ کرنٹ اکاونٹ خسارے کو 5.8 ارب ڈالر نقصان پہنچنے کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا تھا۔اسٹیٹ بینک کی حالیہ مانیٹری پالیسی میں بھی فصلیں متاثر ہونے کے باعث کرنٹ اکانٹ خسارہ بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا لیکن اس کے برعکس ستمبر میں کرنٹ خسارہ کم ہونے کو غیر متوقع قرار دیا جارہا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے اعداد وشمار کے مطابق مجموعی طور پر جولائی تا ستمبر پر مشتمل پہلی سہ ماہی کا کرنٹ اکاونٹ خسارہ 2 ارب 20 کروڑ ڈالر ہوگیا ہے جو پچھلے مالی سال کے پہلے سہ ماہی کے 3 ارب 52 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں 37 فیصد کم ہے۔ستمبر میں کرنٹ اکائونٹ خسارے میں کمی کی بڑی وجہ اشیا کے تجارتی خسارے کا کم ہونا ہے گزشتہ ماہ تجارتی خسارہ 2.3 ارب ڈالر رہا جو اس سے پچھلے ماہ کے مقابلے میں 24 فیصد کم ہے، تجارتی خسارے میں کمی درآمدات میں 18فیصد گرنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی درآمد میں گزشتہ ماہ 33 فیصد، مشینری میں 22 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے اس کے علاوہ خدمات کا خسارہ بھی پچھلے ماہ 24 فیصد کم ہوگیا ہے۔
[…] نیوز)ادارہ شماریات کے مطابق مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں تجارتی خسارے میں 4 ارب 15 کروڑ ڈالر کمی ہوئی […]