راولپنڈی(مسائل نیوز) جی ایچ کیو میں پاک فوج کی کمانڈ کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں مسلح افواج کے سربراہان، اعلیٰ سول، فوجی افسران شریک ہوئے۔پاک فوج میں کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب میں وفاقی وزرا اور سفارتکار بھی شریک ہوئے۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا تقریب میں موجود تھے۔
تقریب میں سابق آرمی چیف راحیل شریف بھی شریک تھے۔ وفاقی وزراء بھی تقریب میں شریک ہوئے، علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک، اسد قیصر اور شاہ فرمان بھی شریک تھے۔ تقریب میں ملٹری بینڈ کی جانب سے مشہور ملی نغمے دل دل پاکستان کی خوبصورت دھن پیش کی گئی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو اعزازی گارڈ زکی جانب سے سلامی دی گئی۔
مہمان خصوصی جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے اعزازی گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر گزار ہوں کہ عظیم فوج کی خدمت کا موقع دیا۔ جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف کے عہدے پر تعینات ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میری رفاقت جنرل عاصم منیر سے 24 سالہ پرانی ہے،جنرل عاصم منیر حافظ قرآن کے ساتھ باصلاحیت افسر ہیں۔
مجھے امید ہے جنرل عاصم کی تعیناتی بہت مثبت ثابت ہو گی۔ جنرل قمر جاوید نے مزید کہا کہ پاک فوج کی قربانیوں کی وجہ سے آج پاکستان میں امن ہے۔پاک فوج سے طویل تعلق رہا ،میرے 6 سالہ دور میں دہشت گردی سے لیکر ہر مشکل میں فوج نے میری آواز پر لبیک کہا،پاک فوج کے ساتھ تعلق میرے لیے باعث فخر ہے۔پاک فوج نے ہمیشہ میری آواز پر لبیک کہا۔پاک فوج نے ہر مشکل میں میرے ہر حکم پر لبیک کہا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ کم بجٹ کے باوجود پاک فوج جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہے۔
Get real time updates directly on you device, subscribe now.