عمران خان کے ویژن اور بیانیہ کی دن بدن مقبولیت بڑھ رہی ہے
لاہور(مسائل نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ عمران خان کے ویژن اور بیانیہ کی دن بدن مقبولیت بڑھ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں کامیابی ، عمران خان کے بیانیے کی فتح ہے۔ایک سال میں عوام کی زیادہ سے زیادہ خدمت اور مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ زیر تکمیل منصوبوں میں تاخیر کا ازالہ کیا جائے،ممکنہ وسائل فراہم کریں گے۔
رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے پراجیکٹ ترجیحاً مکمل کیے جائیں گے۔جب کہ پنجاب میں گندم کی کمی پر وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے وزیراعظم شہباز شریف کو مراسلہ لکھ دیا۔ وزیراعلٰی پنجاب نے وفاقی حکومت سے 10 لاکھ ٹن گندم فراہمی کا مطالبہ کر دیا جبکہ مراسلے میں پنجاب کو 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی فوری فراہمی کی درخواست کی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اورپاسکو کو ہدایات جاری کی جائیں اور بقیہ گندم بھی مرحلہ وار فراہم کی جائے،پنجاب میں گندم کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
- Advertisement -
دوسری جانب مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الٰہی نے گندم کے معاملے پر وفاق کو خط لکھے جانے کی تصدیق کی اور کہا کہ شہبازشریف کی قیادت میں وفاقی حکومت پنجاب کے لوگوں پرظلم کر رہی ہے۔ وفاقی حکومت نے ہمیں گندم میں اپنا حصہ دینے سے انکار کردیا اور ہمیں گندم درآمد کرنے کی اجازت بھی نہیں دے رہے۔سابق وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں گندم کا بحران پیدا ہو رہا ہے،امید ہے وفاق کو وزیراعلٰی پنجاب کے خط سے بہتراحساس ہوگا۔
یاد رہے کہ پنجاب حکومت گندم کے معاملے پر پہلا مراسلہ 18جون،دوسرا 19 ستمبر اور تیسرا 4 اکتوبر کو متعلقہ اداروں کو لکھ چکی ہے جبکہ وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی بھی کئی بار میڈیا سے گفتگو میں گندم کے معاملے پر وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں،انکا کہنا تھا کہ وفاق نے تمام صوبوں کو گندم دے دی،سندھ سمیت دیگر صوبوں کو گندم دی تو پنجاب میں گندم دینے میں کیا تکلیف ہے،ہم نے کہا پیسے نہ دیں صرف اجازت دے دیں،گندم خود منگوا لیں گے لیکن اجازت بھی نہیں دے جا رہی جس پر ن لیگ کی دشمنی واضح ہو گئی۔