ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کی آنے والی نسلوں کیلئے پائیدار خوشحالی کا باعث بنے گا، مارک برسٹو
کوئٹہ (مسائل نیوز) بیرک گولڈ کارپوریشن کے صدر اور چیف ایگزیکٹیو مارک برسٹو نے کہا ہے کہ ریکو ڈک ایڈوانس رائلٹی کی مد میں حکومت بلوچستان کو پہلے سال کے اختتام تک 5ملین ڈالر، دوسرے سال کے اختتام تک 7.5ملین ڈالر تک جبکہ کمرشل پیداوار کے آغاز تک اگلے ہر سال 10 ملین ڈالر سالانہ تک ادا کرے گا،ریکو ڈک کاپر گولڈ پراجیکٹ کمپنی، بلوچستان حکومت اور سرکاری انٹرپرائزز کے مابین ایک پارٹنر شپ ہے جو آنے والی نسلوں کیلئے پائیدار خوشحالی کا باعث بنے گا۔ یہ بات انہوں نے منگل کو وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو سے ملاقات میں گفتگو کر تے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ملاقات میں بیرک اور حکومت پاکستان نے اس امر کو یقینی بنانے کیلئے کام کیا ہے کہ بلوچستان کو ریکوڈک سے حاصل ہونے والے فوائد کا خاطر خواہ حصہ ملے، انہوں نے کہاکہ ریکوڈک میں بلوچستان کی شیئر ہولڈنگ کی فنڈنگ کلی طور پر اس کے پارٹنرز اور وفاقی حکومت کی جانب سے کی جائے گی، جس کا مطلب یہ ہے کہ صوبہ کوکان کی تعمیر اور آپریشنز کی مد میں بنا کسی مالیاتی حصہ داری کے اپنی 25فیصد ملکیت کے مطابق ڈویڈنڈز، رائلٹی اور اور دیگر فوائد حاصل ہوں گے۔ ہمارے نزدیک یہ بھی اہم ہے کہ بلوچستان اور اس کے عوام کو شروع دن سے یہ فوائد نظر آئیں۔ ریکوڈک کان کے تعمیری مرحلے کے آغاز سے قبل جب قانونی عمل اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہو گا،ہم اس وقت ہی علاقے بھر میں صحت، تعلیم، فوڈ سیکورٹی اور ووکیشنل ٹریننگ کی بہتری اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی پر مشتمل متعدد سماجی ترقیاتی پروگرام شروع کر دیں گے۔تعمیری مرحلہ پر سماجی بہبود کے پروگراموں کا تاحال اندازاً تخمینہ 70ملین ڈالر ہے جس میں پہلے سال میں 3ملین ڈالر تک جبکہ دوسرے سال میں 7ملین ڈالر تک کے اخراجات کا عزم کیا گیا ہے، انہوں نے کہاکہ ریکو ڈک ایڈوانس رائلٹی کی مد میں حکومت بلوچستان کو پہلے سال کے اختتام تک 5ملین ڈالر، دوسرے سال کے اختتام تک 7.5ملین ڈالر تک جبکہ کمرشل پیداوار کے آغاز تک اگلے ہر سال 10 ملین ڈالر سالانہ تک ادا کرے گا، جس سے ایڈوانس ادائیگیوں کامجموعی حجم زیادہ سے زیادہ 50ملین ڈالر ہو جائے گا، انہوں نے کہاکہ فزیبلٹی سٹڈی کی نظر ثانی کے نتائج کی بنیاد پر ریکوڈک کی کان کی منصوبہ بندی روائتی اوپن پٹ اور ملنگ آپریشن پر کی جائے گی جس سے ریکوڈک سے اعلیٰ معیار کے سونے اور تانبے کا کنسنٹریٹ حاصل ہو گا۔ اس کی تعمیر دو مرحلوں میں کی جائے گی۔پہلے مرحلے میں پلانٹ اندازاً 40ملین ٹن سالانہ کے حساب سے دھات کی پراسسنگ کرے گا جسے پانچ سال کے عرصہ میں دوگنا کیا جا سکے گا۔ وسیع پیمانے، لو سٹرپ اور اچھے گریڈ کے منفرد مجموعے کا حامل ریکوڈک طویل مدتی کان ہو گی جس کی کم از کم عمر 40سال کے لگ بھگ ہو گی۔ اس پراجیکٹ کے تعمیر کے مرحلے کے عروج پر امید کی جارہی ہے کہ یہ 7,500سے زائد افراد کو روزگار فراہم کرے گا اور پیداوار کے مراحل میں یہ پراجیکٹ 4,000کے قریب طویل مدتی ملازمتیں پیدا کرے گا۔ بیرک کی مقامی سپلائرز کی سروسز کے حصول اور مقامی افراد کو روزگار کی فراہمی کی ترجیح کی پالیسی علاقائی معیشت پر بہتر اثرات مرتب کرے گی۔
- Advertisement -