راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ
اسلام آباد (مسائل نیوز)پنجاب حکومت کی جانب سے ضلع راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔
- Advertisement -
پنجاب حکومت نے راولپنڈی میں دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو دفعہ 144 کے نفاذ پر فوری عملدر آمد کے احکامات جاری کر دیے گئے۔پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر سیکیورٹی تھریٹ کا خدشہ ہے، دہشت گرد عوامی مقامات کو ہدف بنا سکتے ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق ریلیوں، جلسوں اور دیگراجتماعات کی اجازت نہیں ہوگی، چار سے زائد افراد کے اجتماع پر مکمل پابندی کو یقینی بنایا جائے، کسی بھی شخص کو اسلحہ لے کر چلنے کی اجازت نہیں ہو گی، دفعہ 144 کا نفاذ ایک دن کے لیے ہو گا۔دوسری جانب توشہ خانہ کیس میں پیش ہونے کے لیے سابق وزیراعظم و تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اسلام آباد کیلئے زمان پارک سے روانہ ہوگئے۔توشہ خانہ کیس کی سماعت آج جوڈیشل کمپلیکس کی نیب کورٹ نمبر ون میں ہوگی، ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کو فردِ جرم عائد کرنے کے لیے طلب کر رکھا ہے۔چیئرمین تحریک انصاف F8 کچہری کے بجائے جوڈیشل کمپلیکس G11 میں پیش ہوں گے۔