اسلام آباد(امسائل نیوز) سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے الزام عائد کیا ہے کہ وفاقی حکومت کی تمام جماعتوں نے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے آنے والی بین الاقوامی امداد میں سے اپنا حصہ مانگ لیا ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مصدقہ اطلاعات ہیں کہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے آنے والی بین الاقوامی امداد میں سے امپورٹڈ حکومت کی تمام جماعتوں نے اپنا اپنا حصہ مانگ لیا ہے۔
وڈیروں اور سرداروں میں سامان کی تقسیم بھی شروع ہوچکی ہے۔قاسم سوری نے مزید کہا کہ بقول حکومتی ٹولے کے سیلاب کی صورت میں لاٹری نکل آئی ہے، یہ لاٹری بہت بھاری پڑے گی ظالمو۔
۔ یہاں واضح رہے کہ ملک کے ایک بڑے حصے کو سیلاب کی مصیبت نے گھیر رکھا ہے، جس میں اب تک ایک ہزار سے زائد لوگ موت کے منہ میں جا چکے ہیں اور 1300سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سفارتکاروں اور ہائی کمشنرز کے ساتھ ہونے والی ایک ملاقات میں بتایا ہے کہ مجموعی طور پر 3کروڑ30لاکھ لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔بیرون ممالک کی جانب سے پاکستان کی امداد کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ برادر ملک متحدہ عرب امارات سے سیلاب متاثرین کے لئے50 ملین ڈالر کے امدادی سامان کی آمد شروع ہوگئی ہے،گزشتہ رات صدر محمد زاہد سے ٹیلیفون پر بات ہوئی جس میں انہوں نے یقین دلایا کہ وہ سیلاب متاثرین کی امداد جاری رکھیں گے۔
جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ صدر یواے ای کی دعوت پر میرا 3 ستمبر کو متحدہ عرب امارات کادورہ طےتھا لیکن ہم نے تمام تر توجہ متاثرین کی ریلیف اور بحالی پر مرکوز کرنے کے لئے اس دورہ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ۔وزیراعظم نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ساتھ کھڑے ہونے والے بھائیوں اور بہنوں کے ہمیشہ مقروض رہیں گے۔
Get real time updates directly on you device, subscribe now.