ملک میں6 ماہ سے 5 سال تک کے بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچائو کی ویکسینیشن کا آغاز ہوگیا
اسلام آباد(مسائل نیوز)ملک میں خسرہ اور روبیلا اور پولیو سے بچا کی قومی ویکسینیشن مہم کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ۔نیشنل ای او سی کے مطابق ویکسینیشن مہم 17 تا 29 نومبر ملک بھر میں جاری رہے گی، اس دوران 3 کروڑ 54 لاکھ بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچا ئوکی ویکسین دی جائے گی۔ملک بھر کے 90 ہائی رسک اضلاع میں اس ہفتے 2 کروڑ 33 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، جب کہ 6 ماہ سے 5 سال تک کے تمام بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچائو کی ویکسینیشن دی جائے گی۔نیشنل ای او سی کے مطابق ویکسین سرکاری صحت کے مراکز، اسکولوں، مدارس اور عارضی ویکسینیشن مراکز پر فراہم کی جائے گی، پنجاب میں تقریبا 68 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، بلوچستان میں 22 لاکھ 46 ہزار بچوں، سندھ میں 84 لاکھ سے زائد بچوں، خیبر پختونخوا میں 52 لاکھ 46 ہزار بچوں، گلگت بلتستان میں 1 لاکھ 36 ہزار، اور اسلام آباد میں 4 لاکھ 61 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پنجاب میں 1 کروڑ 73 لاکھ، سندھ میں 82 لاکھ 63 ہزار، خیبر پختونخوا میں 59 لاکھ 88 ہزار، بلوچستان میں 27 لاکھ 30 ہزار، آزاد جموں و کشمیر میں 6 لاکھ 24 ہزار، گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 46 ہزار، اور اسلام آباد میں 2 لاکھ 25 ہزار سے زائد بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچائو کی ویکسین دی جائے گی۔نیشنل ای او سی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنائیں، انھیں خسرہ، روبیلا اور پولیو سے محفوظ بنائیں۔