کوئٹہ ‘بی ایم سی اسپتال میں مبینہ غفلت سے نومولود جاں بحق، لواحقین کا شدید احتجاج
کوئٹہ(مسائل نیوز)کوئٹہ کے بولان میڈیکل کمپلیکس (بی ایم سی)اسپتال میں مبینہ طور پر ڈاکٹرز کی غفلت اور آپریشن میں غیر ضروری تاخیر کے باعث ایک نومولود جاں بحق ہوگیا، جس کے بعد لواحقین نے اسپتال کے باہر شدید احتجاج کیا۔ اہلخانہ کے مطابق اگر بروقت آپریشن کیا جاتا تو بچے کی جان بچ سکتی تھی۔لواحقین نے الزام عائد کیا کہ حاملہ خاتون کو گزشتہ روز شام 6 بجے آپریشن کا مشورہ دیا گیا تھا، مگر اسے فوری طور پر تھیٹر منتقل کرنے کے بجائے طویل انتظار کروایا گیا۔ ذمہ دار عملے نے تاخیر کی وجہ شفٹ تبدیلی قرار دی، جس کے باعث آپریشن پوری رات نہ ہوسکا۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ پوری رات کے دوران کسی ڈاکٹر نے سنجیدگی سے توجہ نہیں دی اور بار بار یاد دہانی کے باوجود آپریشن نہ کیا گیا۔ان کے مطابق کئی گھنٹے تاخیر سے آج صبح آپریشن کیا گیا، مگر اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی اور خاتون کا بچہ مردہ حالت میں پیدا ہوا۔ دلخراش اطلاع ملتے ہی اہلخانہ اور عزیز و اقارب نے اسپتال کے باہر احتجاج شروع کر دیا اور ڈاکٹرز پر سنگین غفلت کا الزام لگایا۔احتجاجی مظاہرین نے نہ صرف نعرے بازی کی بلکہ حکومت اور اسپتال انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے متعلقہ ڈاکٹرز اور عملے کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ تاخیر نے ایک معصوم جان لے لی اور خاتون کی جان بھی خطرے میں ڈال دی۔واقعے پر وزیراعلی بلوچستان، وزیر صحت اور اسپتال انتظامیہ سے کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے متاثرہ خاندان نے اعلان کیا کہ وہ انصاف کے حصول کے لیے قانونی راستہ اختیار کریں گے۔دوسری جانب بی ایم سی اسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی مقف سامنے نہیں آیا، جس سے صورتحال مزید تشویشناک ہو گئی ہے