لاہورہائیکورٹ نے نیب سزاؤں کیخلاف تمام اپیلیں احتساب عدالتوں کو واپس بھجوا دیں
راولپنڈی(مسائل نیوز) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے نیب سزاؤں کیخلاف تمام اپیلیں احتساب عدالتوں کو واپس بھجوا دیں۔ عدالت نے نئے نیب قانون کے مطابق نیب عدالتوں کو کیسوں کا دوبارہ جائزہ لینے کا حکم دے دیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق احتساب بنچ میں مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے چوہدری ریاض کی سزا خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔
- Advertisement -
عدالت نے چوہدری ریاض سمیت تمام ملزمان کی سزا کیخلاف اپیلیں واپس نیب عدالتوں کو بھجواتے ہوئے کہا کہ نئے نیب قانون کے مطابق نیب عدالتیں ان کیسوں کا دوبارہ جائزہ لیں، کیونکہ نئے قانون کے بعد موجودہ تمام اپیلیں ناقابل سماعت ہوگئی ہیں۔ جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس مرزا وقاص رؤف پر مشتمل خصوصی احتساب بنچ نے کہا کہ ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں اب کوئی نیب اپیل زیر سماعت یا پینڈنگ نہیں رہی۔
اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے بھی کہا کہ نئے قانون کے تحت اب نیب اپیلیں غیر موٴثر ہوچکیں۔اس سے قبل نیب ترامیم کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا تھا کہ کہ آمدن سے زائد اثاثے پوری دنیا میں جرم تصور ہوتے ہیں، پاکستان میں نیب ترامیم سے منظم کرپشن کو فروغ ملے گا۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ کمیٹیوں اور کابینہ میں فیصلے مشترکہ ہوتے ہیں، کیا پوری کابینہ اور کمیٹی کو ملزم بنایا جائے گا؟ اس طرح فیصلے کون کرے گا؟ ہر کام پارلیمان کرے گی تو فیصلہ سازی کا عمل سست روی کا شکار ہوجائے گا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ایل این جی معاہدے کے حقائق دیکھے بغیر کیس بنایا گیا، ایل این جی سطح کے معاہدے حکومتی لیول پر ہوتے ہیں، کئی بیوروکریٹ ریفرنس میں بری ہوئے لیکن انہوں نے جیلیں کاٹیں، بعض اوقات حالات بیوروکریسی کے کنٹرول میں نہیں ہوتے۔ اس موقع پر عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ کابینہ اور ورکنگ ڈیولپمنٹ پارٹیز کے فیصلے بھی نیب دائرہ اختیار سے نکال دیے گئے ہیں، حالیہ نیب ترامیم انسداد کرپشن کے عالمی کنونشن کے بھی خلاف ہیں۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آمدن سے زائد اثاثے پوری دنیا میں جرم تصور ہوتے ہیں، عالمی معیار اور مقامی قانون کے تناظر میں نیب ترامیم کا جائزہ لیں گے۔
[…] آباد (مسائل نیوز)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب ریفرنس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی حاضری سے […]
[…] (مسائل نیوز) احتساب عدالت لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں عثمان بزدار کی عبوری […]