زیر تعمیر سڑکوں کو جلد از جلد تعمیر کیا جائے گا،مبین خلجی
کوئٹہ(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی و صوبائی وزیر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی محمد مبین خان خلجی نے کہا کہ صوبے کے پسماندہ علاقوں کو ترقیافتہ اضلاع کے برابر لانے کیلئے عملی اور نتیجہ خیز اقدامات اٹھا رہے ہیں، غریب عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے،
- Advertisement -
زیر تعمیر سڑکوں کو جلد از جلد تعمیر کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے علاقے کی قبائلی عمائدین کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر مبین خان خلجی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت عوام کی نمائندہ جماعت ہے اور اس کی کوشش ہے کہ ماضی میں نظر انداز کئے گئے تمام پسماندہ علاقوں کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے، عوام کی بہتری کیلئے شروع کردہ سکیمیں بر وقت اور معیاری مکمل کرے
اور حقداروں کو ان کا حق گھر کی دہلیز پر فراہم کرے، اسی مقصد کی تکمیل کیلئے ترقیاتی سکیموں پر کام تیزی سے جاری ہے، ان سکیموں میں تعلیم، صحت، آبنوشی، زراعت، شمسی توانائی، سیاحت سمیت دیگر ترقیاتی سکیموں پر کام شروع ہے۔مبین خان خلجی نے کہا کہ ان جیسے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے پسماندہ علاقوں کے لوگوں کے معیار زندگی میں نمایاں تبدیلی کے ساتھ ساتھ روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع بھی دستیاب ہونگے اور دیہی علاقوں کی معیشت بھی مظبوط ہو گی۔