جماعت اسلامی وہ پہلی جماعت ہو گی جس سے ہم رابطہ کریں گے
کراچی (مسائل نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی وہ پہلی جماعت ہو گی جس سے ہم رابطہ کریں گے،پی ٹی آئی سے بات کرنے کو تیار نہیں۔انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے الیکشن مینیج کرنا ہوتا تو میں اپنے بھائی کو جتوا دیتا جو اپنی یوسی سے ہار گیا۔
سعید غنی نے کہا کہ کسی کو الیکشن پر اعتراض ہے تو وہ تحقیقات کرا سکتا ہے اور عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔گذشتہ روز پریس کانفرنس میں بھی سعید غنی نے کہا تھا کہ اب تک کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق کراچی کے بلدیاتی انتخانات میں پیپلز پارٹی نے 100 سے زائد یونین کونسلز میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ مئیر کراچی کوئی ایک جماعت نہیں لاسکتی البتہ یہ بات حتمی ہے کہ پیپلز پارٹی تحریک انصاف سے کسی صورت مئیر کے لئے بات نہیں کرے گی۔
انھوں نے کہا کہ کل کے انتخابات میں کراچی کے عوام نے پیپلزپارٹی پر اعتماد کیا اور پیپلزپارٹی کراچی میں سنگل لارجیسٹ پارٹی بن کر سامنے آئی ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ ہم سب سے بڑی پارٹی بن کر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دماغ میں ہوا تھی کہ کراچی کے عوام ان کے ساتھ ہیں اس ہوا کو اس شہر کے غیور عوام نے ان کے دماغ سے نکال دیا ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ میں جماعت اسلامی اور ان کے امیر کراچی حافظ نعیم الرحمان کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں، ان کی کارکردگی بہتر رہی اور وہ اب تک کے نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی سے تھوڑا سا پیچھے ہیں اور لوگوں نے ان پر بھی اعتماد کیا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نے کراچی کے شہریوں کے خدمت کی ہے اور اس کے ثمرات کل کے انتخابات کے نتائج ہیں۔