میر عبد القدوس بزنجو کی قیادت میں متعلقہ صوبائی اداروں کی محنت اور کاوشیں قابل ستائش ہیں، شہباز شریف
کوئٹہ(مسائل نیوز)وزیر اعظم میا ں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلو چستان میں حالیہ مون سون کی بارشوں اور سیلا ب سے ہو نے والی تباہی پر وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں متعلقہ صوبائی اداروں کی محنت اور کاوشیں قابل ستائش ہیں،جلد ہی بلوچستان کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لوں گا، یہ بات انہوں نے جمعرات کو بارشوں کی صورتحال کا جائزہ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی، وزیراعظم کی جانب سے صوبائی حکومت کی امدادی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار اورحکومت بلوچستان کو بھرپور معاونت کی یقین دہانی کروائی گئی ہے، اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان میں بارشوں کی صورتحال نقصانات اور امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی،اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا کہ حالیہ مون سون کی بارشوں سے بلوچستان کے بیشتر اضلاع متاثر ہوئے جس سے جانی نقصان کے ساتھ ساتھ املاک کو بھی نقصان پہنچاہے، انہوں نے کہاکہ لوگوں کے گھر فصلیں ٹیوب ویل سولر سسٹم اور زرعی اراضی بری طرح متاثر ہوئے،صوبائی ادارے انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے امدادی سرگرمیوں میں مصروف اور پوری طرح الرٹ ہیں، انہوں نے کہاکہ اس وقت 30 ہزار خیموں کی فوری ضرورت ہے این ڈی ایم اے نے اب تک 300 خیمے فراہم کئے ہیں۔
- Advertisement -