MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

پنجاب کابینہ کی توسیع کا دوسرا مرحلہ ایک بار پھر لٹک گیا

1 207

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

لاہور(مسائل نیوز) پنجاب کی صوبائی کابینہ میں توسیع کا دوسرا مرحلہ ایک بار پھر التوا کا شکار ہوگیا ، پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے تحفظات اور دیگر مسائل کی وجہ سے صوبائی وزیر خزانہ کی حلف برداری نہ ہوسکی ۔ دنیا نیوز کے مطابق پنجاب میں حکومت سازی کے بعد کابینہ میں توسیع کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف کی اہم ملاقات ہوئی جب کہ وزیر خزانہ پنجاب کے حلف کا معاملہ بھی ایک بار پھر موخر کر دیا گیا ۔
ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی وزارت خزانہ نہ ملنے پر اپنے وزراء کو اہم محکموں کے قلمدان فوری دینے کی خواہش رکھتی ہے تاہم حکومت کا قلمدان سے متعلق معاملہ طے نہ ہوا جس پر کابینہ کا دوسرا مرحلہ بجٹ سیشن کے بعد ہونے کا امکان ہے لیکن محکمہ خزانہ پنجاب کی طرف سے بجٹ تقریر کے پوائنٹس مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی اویس لغاری کو بھجوا دیے گئے ہیں اور قوی امکان ہے کہ پنجاب کا صوبائی بجٹ اویس لغاری ہی پیش کریں گے۔

- Advertisement -

چند روز قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے درمیان ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آئی ، اس حوالے سے جیو نیوز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے تمام مطالبات منوا لیے ، جس کے تحت پیپلز پارٹی کو صوبے میں 5 وزارتیں ، 2 مشیر اور 2 معاون خصوصی برائے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے ملیں گے ، پی پی کو محکمہ انہار اور محکمہ زراعت کی وزارتیں دے دی گئیں ، 10 سے زائد وزراء اسی ہفتے حلف اٹھائیں گے ، اس کے بدلے میں پیپلز پارٹی پنجاب میں ضمنی الیکشن کے تمام حلقوں سے اپنے امیدوار دستبردار کرائے گی۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے صوبائی اسمبلی کے اسپیکر چو ہدری پرویز الٰہی کو آئینی طریقہ کار سے ہٹانے پر بھی اتفاق کیا ہے اور اس مقصد کے لیے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف لائی جانے والی تحریک عدم اعتماد پر پیپلز پارٹی مسلم لیگ ن کو مکمل سپورٹ کرے گی ، اس حوالے سے آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کو فری ہینڈ دے دیا۔
خیال رہے گزشتہ روز لاہور کے بلاول ہاؤس میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات ہوئی ، جس میں صوبائی وزراء عطا تارڑ ، ملک محمد احمد علی ، خواجہ سلمان رفیق ، عمران گورایہ ، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ ، شرجیل میمن ، ڈاکٹر عاصم حسین ، علی حیدر گیلانی اور حسن مرتضیٰ بھی شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران سابق صدر نے حمزہ شہباز کو وزارت اعلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ، اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور ، سیاسی صورتحال اور ورکنگ ریلیشن پر تبادلہ خیال کیا گیا ، آصف علی زرداری نے وزیر اعلی حمزہ شہباز کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا ۔ اس ملاقات میں دونوں جماعتوں کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا جب کہ دونوں رہنماؤں نے صوبے میں ہونے والے ضمنی انتخابات بھی مشترکہ طور پر لڑنے پر اتفاق کیا۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

1 Comment
  1. […] نیوز) سینئر صوبائی وزیر سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ یہ بد معاشیاں بھی کرتے ہیں اور شرافت کے […]

Leave A Reply

Your email address will not be published.