فتح وفادار ساتھیوں کے نام، بریف کیس کلچر کو کونسلران نے ردکردیا ، ڈاکٹرمالک بلوچ
تربت (مسائل نیوز ) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ، سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاہے کہ بلدیاتی کونسلران نے تمام تر دھونس دھمکیوں اورلالچ ومراعات کو ٹھکراکر اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ دیکر جمہوری روایات کومستحکم کردیاہے ، میونسپل کارپوریشن تربت میں نیشنل پارٹی کی جیت کو وفادار ساتھیوں کے نام کرتا ہوں ، جے یو آئی کے دوستوں کی جانب سے تعاون پر ان کا شکرگزارہوں ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کی شام نیشنل پارٹی کے ریجنل سیکرٹریٹ تربت میں میونسپل کارپوریشن تربت اورمیونسپل کمیٹی تمپ میں کامیابی کے بعد جمع ہونے والے کارکنان اور رہنماﺅں سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر نیشنل پارٹی کے رہنماﺅں وکارکنان سمیت جے یو آئی کے صوبائی نائب خالد ولیدسیفی اور مولانا عبدالحفیظ مینگل بھی موجودتھے ، ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ سیاسی مخالفین نے اقتدار میں ہوتے ہوئے تمام ترمراعات ولالچ اوربریف کیس کلچر کا زورلگانے کے باوجود مایوس ہوکر مجبوری میں ایک ایسے امیدوار کو اپنا میئر کا امیدوارنامزدکیا جو ہماری صفوں سے ناراض ہوکر گئے تھے اگر سیاسی مخالفین کوتھوڑی سی بھی امید نظرآتی تو وہ ضرور اپنے کسی فرزند کومیدان میں اتارتے ، نیشنل پارٹی کے مخلص ، کمیٹڈ نظریاتی اور وفادار کونسلران کو سلام پیش کرتاہوں جنہوں نے رات بھر پیسہ بانٹنے کیلئے سرگرداں سیاسی مخالفین کی تمام تر منفی عزائم کو خاک میں ملاکر انہیں سیاسی واخلاقی طورپر شکست سے دوچارکردیا ہے ، انہوں نے کہاکہ تمپ سے نیشنل پارٹی تحصیل تمپ کے جنرل سیکرٹری مسلم یعقوب کا بلامقابلا وائس چیئرمین منتخب ہونا ایک بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا ، تمپ کے ساتھی گزشتہ چند مہینوں سے جس مخلصانہ اندازمیں محنت کررہے تھے یہ ان کی محنت کاثمرہے ، انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی کے نومنتخب میئر اور ڈپٹی میئر پارٹی کونسلران اوراتحادی جماعت جے یو آئی کے کونسلران کی مشاورت سے خدمت کے مشن کو جاری رکھیں گے ، میئر جے یو آئی کے کونسلران کو اتنی عزت دیںجتنی نیشنل پارٹی کے کونسلران کو دیں گے ، انہوں نے کہاکہ بیلٹ پیپر میں ٹیکنیکل مسئلہ پر ہمارے ووٹ بڑے پیمانے پرمسترد ہوئے ہیں اس سلسلے میں الیکشن کمیشن حکام سے رجوع کریں گے ، اس موقع پر جے یو آئی کے صوبائی نائب امیر خالد ولید سیفی ، میونسپل کارپوریشن تربت کے نومنتخب میئر بلخ شیرقاضی، ڈپٹی میئر نثارملنگ ، میونسپل کمیٹی تمپ کے وائس چیئرمین مسلم یعقوب ، نیشنل پارٹی کے مرکزی فنانس سیکرٹری حاجی فداحسین دشتی، مرکزی کمیٹی کے رکن واجہ ابوالحسن ، مرکزی کمیٹی کے رکن جسٹس (ر) شکیل احمدبلوچ، ملابرکت بلوچ ،ضلعی صدرمشکور انور، چیئرمین حلیم بلوچ نے بھی خطاب کیاجبکہ مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمدبلیدی، ڈاکٹرنوربلوچ، نثاربزنجو، محمد جان دشتی، قاسم گاجی زئی، مبارک بلوچ، ناظم الدین ایڈووکیٹ ، اقبال بلوچ ، خواتین سیکرٹری شاری بلوچ، خاتون کونسلر گل سمین سمیت دیگررہنما اورکارکنان کی بڑی تعداد موجودتھی ۔
- Advertisement -