وزیر اعظم کا دورہ مصر کامیاب رہا
اسلام آباد (مسائل نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لے لیا،انہوں نے کہا ہے کہ ایک طرف عوامی خدمت تو دوسری طرف انتشار اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست ہو رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا دورہ مصر کامیاب رہا،کوپ 27 کانفرنس پاکستان کے حوالے سے خاص طور پر نتیجہ خیز رہی۔
پہلی بار ترقی پذیر ممالک کے حوالے سے مالی وسائل کی فراہمی پر عالمی اتفاق رائے ہوا۔ مریم اورنگزیب نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک طرف عوامی خدمت کی جا رہی ہے اور دوسری طرف فتنہ فساد اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست ہو رہی ہے۔ ایک شخص سفارتی تعلقات اور دوست ممالک سے تعاون کی تجدید کر رہا ہے تو دوسری طرف سازشی بیانیے گھڑنے والا مکار جعلساز ہے۔
جبکہ گزشہ روز فاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا تھا کہ یہ فسادی احتجاج کے نام پر سڑکیں بلاک کر کے بیٹھے ہیں،اندیشہ ہے کہ عوام کا ری ایکشن ہو گا پھر یہ نہ ہو پولیس فسادیوں کی حفاظت میں ناکام ہو جائے۔ہم صوبائی حکومتوں کو آئینی کردار میں لیکر آئیں گے،صوبائی حکومتوں نے کردار ادا نہ کیا تو اسکے نتایج بھگتنے پڑیں گے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کروڑوں لوگ چند شرپسند احتجاجیوں کی وجہ سے پریشان ہیں،ملزم نوید کا کسی سیاسی اور مذہبی گروہ سے کوئی تعلق نہیں،وزیر آباد واقعہ کا ملزم نوید ہی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما سڑک بند کرکے،ٹائر جلا کر ویڈیو بنا کر اپنی قیادت کو بھیجتے ہیں۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ان فسادیوں کو خبردار کرتا ہوں کہ عوامی جذبات کی رپورٹس پہنچ رہی ہیں،رد عمل آئے گا ایسا نہ ہو پولیس ان کی حفاظت کر رہی ہے،وہ نہ کر پائے۔ مٹھی بھر لوگ گاڑی میں آتے ہیں اور ٹائر جلا کر آگ لگاتے ہیں۔