راولپنڈی (ویب ڈیسک) کور کمانڈز کانفرنس نے دہشتگردی کے خلاف کے جنگ کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں حالیہ دہشتگردی کے حملوں کو جوانوں نے بڑی بہادری سے مقابلہ کیا اور دشمن کو زیادہ نقصان پہنچایا جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واضح کیا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ لڑی گئی ہے ، ایک پر امن ماحول کے حصول تک پہنچ گئے ہیں ،دشمن کی جانب سے اپنے آپ کو منظم کر نے کی کوششوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا ،ہم دہشتگردوں ،ان کے سہولتکاروں اور ساتھیوں کاہر صورت میں خاتمہ کرینگے ۔
- Advertisement -
آئی ایس پی آر کے مطابق 247ویں کور کمانڈر کانفرنس بدھ کو جی ایچ کیو میں ہوا جس کی صدارت جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی ۔ کانفرنس کو ملک میں عمومی سکیورٹی صورتحال اور بالخصوص بلوچستان کے حالیہ واقعات سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔ شرکاءکو پاکستان کو غیر مستحکم کر نے کی سازشوں کا مقابلہ کر نے سے متعلق اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا ۔کور کمانڈرز کانفرنس نے شہداءکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے
کہاکہ انہوںنے بڑی بہادری کے ساتھ ملک کے دفاع کےلئے اپنی جانیں قربان کیں ۔کانفرنس کے شرکاءنے کہاکہ بلوچستان میں حالیہ دہشتگردی کے حملوں کو جوانوں نے بڑی بہادری سے مقابلہ کیا اور دشمن کو زیادہ نقصان پہنچایا ۔ آرمی چیف نے اس موقع پر تمام آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کااظہار کیا ۔انہوںنے کہاکہ پاک فوج دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کےلئے ہر وقت تیار ہے ۔