اسلام آباد(مسائل نیوز) وفاقی حکومت نے نسرین جلیل کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق وفاق میں قائم اتحادی حکومت کی طرف سے نسرین جلیل کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم نے ایم کیو ایم کی رہنماء کو گورنر سندھ تعینات کرنے کی سمری صدر کو ارسال کردی گئی ہے۔ خیال رہے کہ چند روزقبل وفاقی حکومت نے گورنرسندھ کیلئے ایم کیوایم پاکستان سے نام مانگے تھے ، جس کے جواب میں متحدہ قومی مومنٹ پاکستان نےگورنر سندھ کے لیے پانچ نام تجویز کیے ، جن افرادکے نام بھیجےگئے ہیں ان میں رہنما ایم کیو ایم نسرین جلیل، عامرخان، عامر چشتی، وسیم اختر اورکشورزہرہ شامل تھے ، بتایا گیا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان میں سنئیرڈپٹی کنوینرعامرخان گورنرسندھ کے لئے مضبوط ترین امیدوار ہیں، جبکہ سابق وزیر قانون بیرسٹرفروغ نسیم اورنسرین جلیل بھی گورنرسندھ کے عہدے کی امیدواروں میں شامل ہیں ، عامرخان ایم کیوایم کے ڈپٹی کنوینئر ہیں اور ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے متعدد ارکان کی حمایت حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ وہ تنظیمی معاملات ح پر بھی بھرپور گرفت رکھتے ہیں ، اس لیے عامرخان گورنرسندھ کے لئے مضبوط ترین امیدوار ہیں۔
- Advertisement -
علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے حکومت بنانے اور چلانے کے لیے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو ناگزیر قرار دے دیا تھا، وزیراعظم شہبازشریف کی طرف سے یہ بیان اس وقت سامنے آیا تھا جب انہوں نے کابینہ کی تشکیل کےبعد اتحادیوں سے ملاقاتیں شروع کی تھیں ، جس کے پہلے مرحلے میں وزیراعظم نے ایم کیو ایم پاکستان کے خالد مقبول صدیقی سے پارلیمینٹ لاجز میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا گیا کہ ایم کیو ایم کے رہنماء وسیم اختر، امین الحق اور جاوید حنیف بھی ملاقات میں شریک ہوئے، مسلم لیگ ن کی طرف سے رانا ثناءاللہ ، سعد رفیق ، ایاز صادق اور مریم اورنگزیب نے ملاقات میں شرکت کی ، اس موقع پر گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت بنانے اور چلانے کیلئے ایم کیو ایم کا مضبوط ساتھ ناگزیر قرار دیا۔