بلاول بھٹو کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے ڈٹ گئے
کراچی(مسائل نیوز) وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے معاملے پر ڈٹ گئے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کراچی اور حیدر آباد کے بلدیاتی الیکشن کا معاملہ زیر غور آیا۔ بلاول بھٹو نے رائے دی کہ کراچی اور حیدر آباد میں ہر صورت بلدیاتی انتخابات ہونے چاہئیں۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ کراچی اور حیدر آباد میں پارٹی کی پوزیشن مضبوط ہے۔سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے ایم کیو ایم کی بلیک میلنگ میں نہ آ کر ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا۔ سی ای سی اجلاس میں رائے دی گئی کہ آئین اور قانون کے فرائض سے روکنے والوں کی بلیک میلنگ میں نہ آئیں۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے کراچی اور حیدر آباد کی میئر سپ جیتنے کیلئے ہر سطح پر مہم چلانے کا فیصلہ کیا جبکہ پختون آباد میں پی پی خیبر پختوا کے ارکان کو مہم چلانے کی ہدایت کی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ انتخابات وقت پر کرانے کی حمایت کرتی ہے، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ملک میں عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے، انہوں نے کہا کہ انتخابات پہلے ہوں یا تاخیر سے ہم اس خیال کوسپورٹ نہیں کرتے، آئین کی بحالی کیلئے محترمہ شہید نے 30 سال جدوجہد کی، 1973 کا آئین بھٹو کی دی گئی امانت ہے، پیپلزپارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے، آئین کی بحالی کیلئے بہت قربانیاں دی گئیں، گزشتہ سی ای سی میں سلیکٹڈ کو خدا حافظ کہنے کا فیصلہ ہوا، سلیکٹڈ کو عدم اعتماد کے ذریعے گھر بھیجنا تاریخی کامیابی ہے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ اداروں کا سیاست میں مداخلت نہ کرنے کا بیان خوش آئندہے، چاہتے ہیں ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں، پاکستان کو سب سے بڑا خطرہ نفرت اور تقسیم کی سیاست سے ہے۔سی ای سی کا فیصلہ ہے جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے، نیا کوڈ آف کنڈکٹ بنانے کیلئے پیپلزپارٹی ایک کمیٹی بنائے گی، سیاسی استحکام چاہتے ہیں تو کوڈ آف کنڈکٹ پر کام کرنا ہوگا۔