عمران خان کی وزیر اعظم آزاد کشمیر کو مبارکباد
لاہور(مسائل نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر وزیراعظم تنویر الیاس کو مبارکباد دی ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خلاف متحرک ایک متعصّب الیکشن کمیشن کے باوجود بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی پر پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر اور سردار تنویر الیاس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
قبل ازیں سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں تحریک انصاف نے نون لیگ اور پیپلز پارٹی کا مکمل صفایا کر دیا ہے اور تحریک انصاف نے زبردست کامیابیاں سمیٹی ہیں الحمدللّٰہ ،کوئی شبہ نہیں نون لیگ اور پیپلز پارٹی انتخابات سے بھاگ رہی ہیں اور وہ بھی جوتے اتار کر۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے 3 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے سرکاری نتائج کا اعلان کردیا گیا۔ بلدیاتی انتخابات میں 669 نشستوں میں سے 664 نشستوں کے نتائج کا اعلان کیا گیا، جس میں پاکستان تحریک انصاف 197 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 194 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ مسلم لیگ ن 127 نشستوں پر کامیاب ہوئی جبکہ 121 آزاد امیدوار بھی جیت گئے۔
اس کے علاوہ مسلم کانفرنس 22 نشستیں، جے کے پی پی، تحریک لبیک اور جماعت اسلامی 1،1 نشست پر کامیاب ہوئے۔ دوسری جاب ڈسٹرکٹ کونسلر کی 74 نشستوں میں سے 73 کے نتائج کا اعلان بھی کیا گیا، ڈسٹرکٹ کونسلر میں بھی پاکستان تحریک انصاف 32 نشستیں جیت کر پہلے نمبر پر ہے۔ ڈسٹرکٹ کونسل کی نشستوں میں پی پی کے 22 امیدوار کامیاب ہوگئے جبکہ مسلم لیگ ن کے 11 ڈسٹرکٹ کونسلر منتخب ہوئے۔
[…] آباد (مسائل نیوز)عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی کاروائی شروع کردی […]