بابرغوری 7 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
کراچی (مسائل نیوز) کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے ایم کیو ایم رہنما بابر غوری کو 7 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔بابر غوری کو آج انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں منتظم جج نے سابق وفاقی وزیر کا ریمانڈ منظور کیا۔بابر غوری کا کہنا ہے کہ مجھ پر لگائے گئے تمام الزامات جھوٹے ہیں۔
وطن واپسی کیلئے ضمانت کرائی تھی۔مجھے اس مقدمہ کا پتہ نہیں تھا، نہ ہی کوئی نوٹس ملا۔مقدمہ میرے پاکستان سے جانے کے بعد درج کیا گیا۔بابر غوری نے مزید کہا کہ میری والدہ شدید علیل ہیں،دل کے ہاتھوں مجبور ہو کر وطن واپس آیا ہوں۔قبل ازیں سابق وفاقی وزیرپورٹ اینڈ شپنگ بابرغوری کی گرفتاری کے معاملے میں ان کی بیٹی نے عدالت سے رجوع کیا ، سندھ ہائی کورٹ میں ایئرپورٹ سے گرفتار کیے گئے سابق وفاقی وزیربابرغوری کی گرفتاری کے معاملے میں توہین عدالت کی درخواست دائرکردی گئی ، سندھ ہائی کورٹ نے درخواست پرفوری سماعت کی استدعا منظور کرلی۔
- Advertisement -
قبل ازیں پولیس نے ایم کیو ایم رہنماء بابر غوری کی انسداد دہشت گردی کے مقدمے میں باقاعدہ طور پر گرفتار ظاہر کی ، بابر غوری کی گرفتاری سائٹ سپر ہائی وے تھانے کے مقدمے میں ظاہر کی گئی ، پولیس ذرائع نے انکشاف کیا کہ بابر غوری کو ریاست کے خلاف مجرمانہ سرگرمیوں کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ، بابر غوری کے خلاف ایف آئی آر نمبر 354 سال 2015 میں ان کی جلاوطنی کے دنوں میں درج کی گئی تھی۔خیال رہے کہ پیر کی رات کو سندھ پولیس کی جانب سے کراچی ائیرپورٹ پر بڑی سیاسی گرفتاری کی گئی ، ایم کیو ایم کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر بابر غوری کو گرفتار کیا گیا ، متحدہ رہنما 2015 سے بیرون ملک مقیم تھے، پیر کے روز انہیں پاکستان واپسی پر کراچی ائیرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔