بلوچستان میں بارشوں سے تباہی، ڈیم ٹوٹ گیا، انٹرنیٹ، موبائل اور اے ٹی ایم سروسز بند
کوئٹہ(مسائل نیوز) بلوچستان میں بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے نالے بپھر گئے، طوفانی بارشوں کی وجہ سے لورالائی کے نواح میں قائم ڈیم ٹوٹ گیا، چمن میں سیلابی ریلوں سے فائبر آپٹک کو
- Advertisement -
نقصان پہنچا اور بینکوں کا سرور ڈاؤن ہو گیا جس سے اے ٹی ایم سروسز بند ہو گئیں اور کئی علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز بھی معطل ہو گئی ہیں۔دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے مزید بارشوں کی پشین گوئی پر پی ڈی ایم اے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ادارے مستعد اور فعال رہتے ہوئے ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری مکمل رکھیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ عوام کی جان ومال کے تحفظ کے لئے تمام وسائل اور ڈیموں کی صورتحال کی موثر نگرانی اور بھاری مشنری دستیاب رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ پانی کی گزرگاہوں اور نالوں کی صفائی یقینی بنائی جائے نشیبی علاقوں کی آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ مواصلات اور این ایچ اے قومی شاہراہوں اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی یقینی بنائیں،پی ڈی ایم اے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیوں کو مزید مربوط بنائے۔انہوں نے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ تمام متعلقہ اداروں میں مربوط کوآرڈینیشن قائم کی جائے تمام ڈپٹی کمشنر ضلعی مشنری کے ساتھ اپنے ضلعوں میں موجود رہیں۔وزیراعلیٰ نے سیکرٹری بلدیات کو ہدایت کی کہ دوران عید امن امان اور صفائی کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے ایڈمنسٹریٹرز صفائی کے عملے کے ساتھ حاضر رہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام مون سون اور عید کے موقع پر انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں۔