سندھ کے بیراجوں پر پانی کی سطح میں واضح کمی
سکھر(مسائل نیوز) سندھ کے بیراجوں پر پانی کی سطح میں واضح کمی ہوگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ میں پانی کی کمی بحران کی طرف بڑھنے لگی، تربیلہ ڈیم مسلسل ڈیڈ لیول پر ہے، تربیلہ ڈیم میں پانی کی سطح 1398 فٹ ہے۔کنٹرول روم انچارج کے مطابق گڈو، سکھر اور کوٹری بیراج پر پانی کی سطح میں واضح کمی ہوگئی ہے، سندھ میں پانی کی مجموعی کمی 51 فیصد سے زائد ہوگئی جبکہ گڈو بیراج پر 72فیصد، سکھر بیراج پر42 فیصد پانی کی کمی ہے۔
- Advertisement -
علاوہ ازیں کوٹری بیراج پر پانی کی کمی 52 فیصد تک پہنچ چکی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں گڈو بیراج پر 3 ہزار کیوسک پانی کم ہوا۔خیال رہے کہ گڈو بیراج سے نکلنے والی بیگاری کینال میں تاحال پانی نہیں چھوڑا جاسکا، دریائے سندھ میں سکھر بیراج پر گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 ہزار کیوسک پانی کم ہوا، گڈو بیراج پر 53 ہزار کیوسک، سکھر بیراج پر پانی کی سطح 45 ہزار کیوسک سے زائد ہے جبکہ کوٹری بیراج پر پانی کی 13 ہزار کیوسک سے زائد ہے۔عبدالعزیز سومرو کنٹرول روم انچارج سکھر بیراج کے مطابق لوگ نماز جمعہ میں بارش کے لیے دعا کریں، بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے پانی کا بحران پیدا ہوچکا ہے۔