بلوچستان میں ویمن ایکسز ٹو جسٹس پروگرام کے تحت 6 ویمن ڈیسک قائم کی گئی ہیں، ڈاکٹر ربابہ بلیدی
کوئٹہ (مسائل نیوز) پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور و چیئرپرسن ویمن پارلیمنٹرین کاکس ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں خواتین کو ترکہ میں متعین شرعی حصہ کی فراہمی کے لئے ایسی خصوصی قانون سازی کی تشکیل پر کام کررہے ہیں جس سے ترکہ میں خواتین کو ان کا جائز متعین حصہ مل سکے اور کوئی بھی رشتہ دار یا بالا دست طبقہ ان کی حق تلفی نہ کرسکے، گو کہ اس ضمن میں ایک عمومی قانون موجود ہے تاہم اس میں خواتین کو ”خصوصی تحفظ“ حاصل نہیں، مجوزہ قانون کے تحت جائیداد میں خواتین کے حقوق کا مکمل تحفظ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں عورت فاؤنڈیشن بلوچستان کے ریذیڈنٹ ڈائریکٹر علاؤالدین خلجی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ ویمن ایکسس ٹو جسٹس پروگرام کے تحت مقامی سطح پر جینڈر جسٹس کمیٹیوں کا قیام ایک خوش آئند اقدام ہے، جس سے علاقائی مسائل اور خواتین پر گھریلو تشدد کے واقعات کے تصفیے فریقین کی رضا مندی سے مقامی سطح پر ہی ثالثی فورم کے ذریعے حل ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس فورس میں خصوصی رعایت کے ساتھ خواتین افسران کی بھرتی کے لئے متعلقہ حکام کو سمری ارسال کردی گئی ہے۔ ویمن پارلیمنٹرین کاکس بلوچستان نے سربراہ بلوچستان پولیس کو تجویز دی ہے کہ خصوصی خواتین پولیس اسٹیشنوں کے قیام کے علاوہ دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے صوبے کے ہر پولیس تھانے میں وویمن ڈیسک قائم کیا جائے پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور نے کہا کہ بلوچستان میں خاتون محتسب سیکرٹریٹ اور کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن کو مضبوط اور بااختیار بنانے کی ضرورت ہے تاکہ خواتین کے خلاف ہراسمنٹ کے واقعات کا تدارک کرکے ہر سطح پر ان کے حقوق کا دفاع کیا جاسکے ملاقات میں عورت فاونڈیشن کے ریجنل ڈائریکٹر علاوالدین خلجی نے چیئرپرسن وویمن پارلیمنٹرین کاکس و پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کو بتایا کہ یو این ڈی پی کے تعاون سے کوئٹہ اور پشین کی 6 یونین کونسلز میں وویمن ایکسز ٹو جسٹس پروگرام کے تحت وویمن ڈیسک قائم ہیں جس میں مقامی متعلقہ اسٹیک ہولڈرز شامل ہیں اس پروگرام کی کاکردگی کو بہتر بنانے اور مستقل جائزہ کے لئے ایڈوائزری کمیٹی قائم کی جاررہی ہے جس میں وویمن پارلیمنٹرین کاکس، سیکرٹری سوشل ویلفئیر، سیکرٹری وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، چیئرپرسن کمیشن آن اسٹیٹس آف وویمن، نیشنل کمیشن آف ہیومن رائٹس سمیت سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندے شامل ہونگے، انہوں نے بتایا کہ خاتون محتسب سیکرٹریٹ کے 15 افسران و اہلکاروں کو تربیت بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ بہتر طور پر اپنے پیشہ ورانہ فرائض سرانجام دے سکیں، پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے عورت فاونڈیشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اس موقع پر عورت فاونڈیشن کے ریجنل ڈائریکٹر علاوالدین خلجی نے پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کو معروف تصنیف” سو کامیاب خواتین ” کے موضوع پر تحریر کردہ کتاب پیش کی۔
- Advertisement -