چوہدری نثار سے کوئی رابطہ نہیں
لاہور (مسائل نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک نے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار سے متعلق کہا ہے کہ چوہدری نثار سے کوئی رابطہ نہیں ، انہیں دوبارہ سیاست میں آنے کا مشورہ دوں گا۔انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختوانخواہ کی اسمبلیوں کی تحلیل کی تاریخ صرف عمران خان کو معلوم ہے۔
(ق) لیگ اہم اتحادی ہے اور وہ اپنی کمٹمنٹ پر کھڑے ہیں ۔ ہفتے کے روز عمران خان اسمبلیوں کی تحلیل کا اعلان کریں گے، اسمبلی کس تاریخ کو تحلیل کرنی ہے یہ صرف عمران خان جانتے ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ حکومت سے کیا مذاکرات ہو رہے ہیں میرے علم میں نہیں،مذاکرات سے متعلق صرف صدر بتا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے ماہرین نے ملک کو جس گرداب میں پھنسا دیا ہے اس سے نکلنے کا واحد راستہ انتخابات ہیں۔
حکومت کے ساتھ مذاکرات مشروط ہیں کہ انتخابات کی تاریخ پر بات ہونی چاہیے۔قبل ازیں تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ الیکشن کی بات ہو گی تو مذاکرات کی ٹیبل پربیٹھیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ فی الحال کسی سطح پر کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو رہے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ کون سی اسمبلی پہلے تحلیل کرنی ہے یہ فیصلہ عمران خان کریں گے، تحریک انصاف ہر وقت الیکشن کے لئے تیار ہے، انہوں نے کہا کہ پرویز الہی سے ملاقات ہوئی ہے وہ وعدہ پورا کریں گے۔سابق وزیر اعلیٰ کے پی کے کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی ہمارے ساتھ ہیں، اسمبلی توڑ دیں گے، پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ہے، سب عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔پرویز خٹک کا مزید کہنا تھا کہ کے پی کے میں ارکان کی ناراضگی کی خبریں جھوٹی افوا ہے، پنجاب میں بھی تمام ارکان چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بیانیے کے ساتھ ہیں۔