اسلام اباد (مسائل نیوز) وزارت خزانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کو مستقبل میں تعاون کی یقین دہانی کرا دی جب کہ وزیر خزانہ کے دورہ امریکہ میں پاکستان نے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے دورہ امریکہ کے حوالے سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی دورہ امریکہ میں آئی ایم ایف کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات ہوئی، جس میں انہوں نے آئی ایم ایف عہدیدار کو پاکستان میں سیلاب کے نقصانات سے آگاہ کیا اور معیشت کو مستحکم، پائیدار اور بحالی کے لئے حکومتی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی جب کہ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف نے معیشت کی بحالی کیلئے حکومتی اقدامات کی تعریف کی اور آئی ایم ایف کی جانب سے مستقبل میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزارت خزانہ کے اعلامیہ سے معلوم ہوا ہے کہ اسحاق ڈٓار نے عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس سے بھی ملاقات اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں مسلسل تعاون، غیر معمولی تباہ کن سیلاب کے بعد بچاؤ اور امدادی کارروائیوں میں مدد پر عالمی بینک کا شکریہ ادا کیا، اس دوران صدر عالمی بینک نے کہا کہ پاکستان کو سیلاب سے درپیش سماجی واقتصادی چیلنجوں پر قابو پانے میں مل کر کام کریں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے عالمی بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا رائسر سے بھی ملاقات کی اور ان کے دورہ پاکستان پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورے نے تباہ کن سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگانے میں مدد کی۔ اس موقع پر نائب صدر عالمی بینک نے کہا کہ عالمی بینک مشکلات میں قابو پانے میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ نے اپنے دورے میں اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر سے بھی ملاقات کی اور پاکستان کے ساتھ مسلسل روابط پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کئی دہائیوں سے قابل اعتماد شراکت دار رہے ہیں۔ وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ نے وفد کے ہمراہ دورہ امریکا میں ڈوئچے بینک اور جے پی مورگن کی قیادت، ریٹنگ ایجنسیوں سے ملاقاتیں کیں اور سالانہ اجلاسوں کے دوران منعقد ہونے والی کئی تقریبات میں شرکت کی۔
Get real time updates directly on you device, subscribe now.